امارات میں سونے کے نرخوں میں فی گرام تین سے چار درھم اضافہ
سونے کے سکے کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں رواں ہفتے کے دوران سونے کی قیمتوں میں تین سے چار درھم فی گرام اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دبئی اورشارجہ کی گولڈ مارکیٹوں میں بھی اضافے کا رجحان پایا گیا۔
امارات الیوم کے مطابق بعض ریاستوں میں فی گرام سونے کے نرخوں میں 6 درھم کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔ سونے کے سکے اور سبیکہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
امارات میں 24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخوں میں چار درھم اضافہ کے بعد 248.75 درھم رہے۔
22 قیراط والے ایک گرام سونے کے نرخ 230.25 درھم ریکارڈ کیے گئے جن میں ہونے والا اضافہ 3.75 درھم رہا۔
گولڈ مارکیٹ میں 21 قیراط والے سونے کی قیمت میں 3.5 درھم اضافہ ہونے کے بعد اس کی فی گرام قیمت 223 درھم رہی جبکہ 18 قیراط ایک گرام سونے کے نرخ تین درھم اضافے کے بعد 191 درھم میں ہوگئے۔
ایک گولڈ شاپ کے ڈائریکٹر سیلز کا کہنا تھا کہ’ گزشتہ دنوں کے دوران سونے کے بسکٹ ’سبیکہ‘ اور سونے کے سکوں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘۔
’ سونے کے نرخوں میں اضافے سے فائدہ اٹھانے کے لیے لوگوں نے پہلے سے خریدار ہوا سونا فروخت کیا‘۔