آسٹریلیا کے بیٹر عثمان خواجہ نے منگل کے روز میلبرن میں پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے جوتوں پر اپنی بیٹیوں کے نام درج کر رکھے تھے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی میچ کے دوران لی گئی عثمان خواجہ کی تصویر کے ایک کلوز اپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عثمان خواجہ نے اپنے جوتوں پر اپنی بیٹیوں عائشہ اور عائلہ کے نام درج کر رکھے تھے۔
مزید پڑھیں
-
غزہ کے معاملے پر بازو پر سیاہ پٹی، عثمان خواجہ کی سرزنشNode ID: 821506
-
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی عثمان خواجہ کی حمایتNode ID: 822331
کرکٹ پاکستان کے مطابق عثمان خواجہ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میچ کے دوران ایک سٹیکر لگانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا جس پر زیتون کی شاخ پکڑے ہوئے ایک سیاہ فاختہ موجود تھی۔
اتوار کو ٹریننگ کے دوران عثمان خواجہ نے جوتوں پر جو لوگو درج کیا تھا اس پر’01:UDHR‘ کے الفاظ درج تھے۔ یہ الفاظ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے آرٹیکل ون کا حوالہ ہیں۔
اس سے قبل عثمان خواجہ کو پرتھ میں پہلے ٹیسٹ کے دوران جوتے پہننے سے روکا گیا تھا جن پر ’آزادی ایک انسانی حق ہے‘ اور ’تمام زندگیاں برابر ہیں‘ کے نعرے درج تھے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ’عثمان خواجہ نے سیاست، مذہب اور نسل سے متعلق پیغامات پر آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کی۔‘
عثمان خواجہ نے پیر کو ایک انسٹاگرام پیغام پوسٹ کیا جس میں انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سب کو کرسمس مبارک۔ کبھی کبھی آپ کو صرف ہنسنا پڑتا ہے۔‘ خواجہ کی جانب سے کی گئی اس پوسٹ میں #inconsistent اور #doublestandards ہیش ٹیگز موجود تھے۔