میلبرن ٹیسٹ، بارش تھمنے کے بعد میچ دوبارہ شروع
تھوڑی دیر قبل بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا میچ موسم بہتر ہونے پر پھر شروع ہو گیا ہے اور آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔
منگل کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ہونے والے میچ میں بارش سے قبل پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری تھی اور اس کی جانب سے دو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو 11 رنز بنائے گئے تھے۔
یہ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ ہے اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کرکٹ کی رپورٹس دینے والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پچ کو بارش سے بچانے کے لیے ڈھانپ دیا گیا تھا۔ آسٹریلوی بلے بازوں نے کھانے کے وقفے تک 90 رنز بنائے تھے۔
ڈیوڈ وارنر کو 38 کے سکور پر سلمان علی آغا نے پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اس سے قبل ان کا ایک آسان کیچ ڈراپ بھی ہوا اور گیند عبداللہ شفیق کے ہاتھوں سے پھسل گئی۔ کھانے کے وقفے کے بعد میچ شروع ہوا تو عثمان خواجہ جو 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، حسن علی کا شکار ہوئے۔
میچ روکے جانے سے قبل مارنس لبوشین اور سٹیو سمتھ بیٹنگ کر رہے تھے اور اس وقت بھی کریز پر واپس آ چکے ہیں۔
واضح رہے میلبرن میں اب تک آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان 10 ٹیسٹ ہو چکے ہیں جن میں سے دو میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ چھ میں فتح آسٹریلیا کا مقدر بنی اور دو میچ ڈرا ہوئے تھے۔
پاکستان کی جانب سے میلبرن میں آخری ٹیسٹ میچ 1981 میں جیتا گیا تھا۔