Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ایئرپورٹ پر خاتون سے 92 لاکھ کے 23 آئی فون برآمد، مقدمہ درج

حکام کے مطابق آئی فون پر 43 لاکھ روپے کے ڈیوٹی ٹیکسز عائد ہیں۔ (فوٹو: کراچی کسٹمز)
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والی ایک خاتون سے 92 لاکھ روپے مالیت کے آئی فون تحویل میں لیے گئے ہیں۔
اتوار کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز کے اہلکاروں نے شک کی بنیاد پر شارجہ سے ایئر عریبیہ کی پرواز سے پہنچنے والی خاتون کو گرین چینل پر روکا گیا تھا۔
کسٹم اہلکاروں نے خاتون مسافر کا سامان جب سکین کیا تو ان کے بیگز میں موبائل فونز کے خالی ڈبوں اور گرافکس کارڈز کی نشاندہی ہوئی۔
خاتون سے موبائل فونز کے خالی ڈبوں کے بارے میں استفسار کیا گیا تو وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکیں جس پر خاتون مسافر کو سرچنگ روم لے جا کر لیڈی سرچر نے جسمانی تلاشی لی تو جسم کے ساتھ بندھے ہوئے 23 عدد آئی فون 15 پرو میکس برآمد ہوئے۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ ’ان کی مالیت 92 لاکھ روپے ہے اور ان پر 43 لاکھ روپے کے ڈیوٹی ٹیکسز عائد ہیں۔‘
برآمد شدہ موبائل فونز کسٹمز نے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں اور کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے خاتون مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے خاتون سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

شیئر: