ہروب کی غلط رپورٹ، غیر ملکی کارکن کو ایک لاکھ 75 ہزار ریال ادا کرنے کا حکم
عدالت نے کمپنی کو وکیل کی فیس اور دیگر اخراجات بھی ادا کرنے کا حکم دیا( فوٹو: عاجل)
سعودی عرب کے جنوبی ریجن میں لیبر کورٹ نے غیرملکی کارکن کے خلاف جھوٹا ’ہروب‘ فائل کیے جانے پر کمپنی کے خلاف فیصلہ صادر کیا ہے۔
عدالت نے کمپنی انتظامیہ کو پابند کیا کہ وہ ہروب کی غلط رپورٹ کرنے پر کارکن کو ایک لاکھ 75 ہزار ریال، وکیل کی فیس اور دیگر اخراجات بھی ادا کرے۔
عکاظ اخبار کے مطابق لیبر کورٹ میں ایک غیرملکی کارکن نے اپنی کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے حقوق ادا کرنے سے بچنے کے لیے اس کا غلط ہروب فائل کیا ہے۔
اپنے دعوی میں کہا تھا کہ کمپنی کی جانب سے ہروب غلط فائل کیا گیا حالانکہ جن دنوں ہروب فائل کیا گیا تھا وہ ان دنوں باقاعدگی سے ڈیوٹی پر حاضر ہوتا رہا ہے جس کا ثبوت بھی عدالت کو پیش کیا گیا۔
غلط ہروب فائل کرنے سے اس کا اقامہ تجدید نہیں ہوسکا اور نہ فیملی کا اقامہ تجدید کیا جاسکا جس کے باعث فیملی فیس بھی بروقت جمع نہ کرائی جاسکی۔
علاوہ ازیں گھر کا کرایہ اور دیگر اخراجات پورا کرنے کے لیے قرض لینا پڑا۔
عدالت نے کیس کا جائزہ لینے کے بعد غلط ہروب لگائے جانے پر کمپنی انتظامیہ کے خلاف فیصلہ صادر کرتے ہوئے حکم دیا کہ کارکن کا ہروب کینسل کروانے کی تمام کارروائی متعلقہ ادارہ کرے گا۔
اس کا اقامہ تجدید کرانے کے بعد واجب الاد حقوق اور فیملی اقامہ اور مکان و دیگر اخراجات کی مد میں ایک لاکھ 75 ہزار ریال ادا کیے جائیں۔ عدالت نے وکیل اور مقدمے کی فیس بھی کمپنی کے ذمہ عائد کی۔
قانونی مشیر ’میسار الحیلانی ‘ کا کہنا ہے جن غیرملکیوں کے خلاف غلط ہروب کیس فائل کیا جاتا ہے انہیں چاہئے کہ وہ فوری طورپر اپنا حق حاصل کرنے کے لیے لیبر کورٹ سے رجوع کریں تاکہ ہروب کینسل کرانے کے بعد دیگر معاملات کو نمٹایا جاسکے۔
واضح رہے غیرملکی کارکن کے خلاف ہروب اس صورت میں فائل کیا جاتا ہے جب وہ اپنی کمپنی یا آجر کے پاس کام نہیں کرتا اور کہیں اور چلا جاتا ہے۔
کارکن کے فرار ہونے کو ہروب کہا جاتا ہے۔ وزارت افرادی قوت کے قانون کے تحت ہروب فائل ہونے کے 15 دن کے اندر اسے کارکن کا سپانسر باسانی اپنے ابشر اکاونٹ سے کینسل کرا سکتا ہے۔
مقررہ مدت گزر جانے کے بعد ہروب ختم کرانے کے لیے کارکن کو لیبر کورٹ سے رجوع کرنا ہوتا ہے جہاں اسے یہ بات ثابت کرنا ہوگی کہ ہروب غلط فائل کیا گیا ہے۔
جس کارکن کا ہروب فائل ہوتا ہے اس کا اقامہ سیز ہو جاتا ہے جس کے بعد نہ تو وہ ایگزٹ ری انٹری اور نہ فائنل ایگزٹ پر جاسکتا ہے۔