Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی وزیرستان سے چھ افراد کی لاشیں برآمد

قتل کیے گئے افراد پیشے کے لحاظ سے حجام تھے جن کی تحصیل میرعلی بازار میں دکانیں تھیں(فوٹو: کے پی پولیس)
خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان سے منگل کی صبح 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق ان افراد کو اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔ 
شمالی وزیرستان کے ڈی پی او آفس کے مطابق تحصیل میرعلی کے گاؤں موسکی میں نامعلوم افراد نے گزشتہ شب ان چھ افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا۔
قتل کیے گئے افراد پیشے کے لحاظ سے حجام تھے جن کی تحصیل میرعلی بازار میں دکانیں تھیں۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے شمالی وزیرستان کے ریسکیو ترجمان نے کہا ’ہمیں صبح سات بجے اطلاع ملی کہ میرعلی کے علاقے موسکی کے ایک کھیت میں چھ لاشیں پڑی ہیں۔
’جب ہماری ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تو ہم نے وہ تمام لاشیں وہیں پڑی دیکھیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ مقتولین کے قریب سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا۔
ان افراد کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے اور وہ پچھلے چار برس سے میرعلی بازار میں حجام کی دکانوں پر کام کر رہے تھے۔   
پولیس کے مطابق مقتولین کی لاشیں میرعلی ہسپتال میں پہنچائی گئی ہیں جہاں ان کی شناخت اور گھروں کے ایڈریس کی معلومات کے حصول کا عمل جاری ہے۔
ابھی تک کسی مسلح گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
اس سے قبل بھی میرعلی میں آئس کریم بیچنے والے غیرمقامی افراد کو بھی قتل کرنے کا واقعہ پیش آ چکا ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل میرعلی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلیجنس بنیاد پر کی گئی کارروائی میں کم از کم پانچ دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

شیئر: