ریاض سیزن میں دو ماہ کے دوران وزیٹرز کی تعداد 12 ملین سے زیادہ
سیزن کی کامیابی سعودی قیادت کی بھرپور سپورٹ کا نتیجہ ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی دارالحکومت میں دو ماہ کے دوران ریاض سیزن نے اب تک بارہ ملین سے زیادہ وزیٹرز کو اپنی جانب راغب کیا ہے۔ سیزن کی سرگرمیوں کا آغاز اکتوبر 2023 کو ہوا تھا۔
خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ترکی آل شیخ نے ایکس اکاونٹ پر لکھا کہ’ ریاض سیزن کی کامیابی سعودی قیادت کی بھرپور سپورٹ کا نتیجہ ہے‘۔
ریاض سیزن تفریح ، فیشن، ٹیکنالوجی، کمیونیکیشن، الیکڑانک گیمز، خوشبویات، فائن آرٹ اور دستکاری جیسے شعبوں میں اپنی مخلتف اور بے مثال سرگرمیوں اور تجربات کے ساتھ بڑی تعداد میں وزیٹرز کو اپنی جانب راغب کرتا ہے۔
ریاض سیزن اہم سعودی ایونٹس میں سے ایک ہے جس نے تفریح کی دنیا میں نئے تصورات قائم کیے اور سعودی دارالحکومت ریاض کو بین الاقوامی تفریح اور پکوان کی پہلی منزل بنایا ہے۔
یاد رہے کہ ریاض سینرن پہلی بار 2019 میں شروع ہوا اور اس نے سات ملین سے زیادہ وزیٹرز کو راغب کیا تھا۔
2022 کے ریاض سیزن میں سات ہزار 500 سے زیادہ ایونٹس، 10 بین الاقوامی نمائشیں، 350 سے زیادہ تھیٹر پرفارمنس، بین الاقوامی کاروں کی نمائش اور نیلامی کے علاوہ 70 سے زیادہ کیفے، 200 ریستوراں، ایک ویڈیو گیمز ٹورنامنٹ اور 100 سے زیادہ انٹرایکٹو شو شامل تھے۔