Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چوہدری پرویز الٰہی اڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل

اس سے قبل بھی چوہدری پرویز الٰہی کو طبیعت خراب ہونے پر جیل سے ہسپتال منتقل کیا جاتا رہا ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بدھ کو جیل حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ پرویزالٰہی کو دل میں تکلیف اور سینے میں انفیکشن کی شکایت پر اڈیالہ جیل سے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا۔
جیل حکام نے بتایا کہ چوہدری پرویز الٰہی کا طبی معائنہ جیل ہسپتال میں کیا گیا، طبیعت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے انہیں آر آئی سی منتقل کرنا پڑا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا جائے گا اور ضروری ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
اس سے قبل بھی چوہدری پرویز الٰہی کو طبیعت خراب ہونے پر جیل سے ہسپتال منتقل کیا جاتا رہا ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی کن کیسز میں گرفتار ہیں؟
چوہدری پرویز الہٰی پر اینٹی کرپشن پنجاب نے اختیارات کے ناجائز استعمال پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ مقدمے میں کہا گیا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے محمد خان بھٹی کو اپنا پرنسپل سیکریٹری تعینات کیا تھا، محمد خان بھٹی پنجاب اسمبلی کے ملازم کیڈر میں بھرتی ہوئے تھے۔
مقدمے کے مطابق محمد خان بھٹی کو غیرقانونی طور پر پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا تھا، سیکریٹری سروسز محمد مسعود مختار نے منتقلی یقینی بنانے کے لیے سمری بھیجی تھی۔
درج مقدمے میں موقف اپنایا گیا کہ پنجاب سول سرونٹس ایکٹ کے رولز آف بزنس کے تحت پرنسپل سیکریٹری کے عہدے پر کسی سپیشل ادارہ کا ملازم ڈیپوٹیشن پر کسی کیڈر سیٹ پر تعینات نہیں ہوسکتا۔
اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں بھی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔ پرویز الٰہی کے کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جج ابوالحسنات ذوالقرنین کر رہے ہیں۔

شیئر: