Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی ایوارڈز 2023: کسی بھی کیٹیگری میں کوئی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز سمیت وراٹ کوہلی، ٹریوس ہیڈ اور رویندرا جڈیجہ کرکٹر آف دی ایئر کی دوڑ میں شامل ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2023 کے آئی سی سی ایوارڈز کے لیے امیدوار کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔
آئی سی سی نے جمعے کو مینز کرکٹ کی پانچ کیٹیگریز کے ایوارڈز کے لیے امیدوار کھلاڑیوں کے نام جاری کیے ہیں، تاہم اس مرتبہ ایوارڈز کی کسی بھی کیٹیگری میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم مسلسل دو مرتبہ ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر اور ایک مرتبہ آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 2021 میں آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر جبکہ محمد رضوان 2021 میں آئی سی سی ٹی20 کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں تاہم گذشتہ برس گرین شرٹس کے لیے اچھا ثابت نہ ہوا جس کے بعد آئی سی سی ایوارڈز میں کوئی بھی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ حاصل کرنے کی دوڑ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور بیٹر ٹریوس ہیڈ جبکہ انڈیا کے سٹار بیٹر وراٹ کوہلی اور آل راؤنڈر رویندرا جڈیجہ شامل ہیں۔
اسی طرح آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے انڈیا کے سپنر رویچندرن اَشوِن، ٹریوس ہیڈ، آسٹریلیا کے عثمان خواجہ جبکہ انگلینڈ کے جو رُوٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔
 

ٹی20 کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے سوریا کمار یادو، مارک چیپمین، الپیش رامجانی اور سکندر رضا کو نامزد کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والے کھلاڑیوں میں انڈیا کے شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل جبکہ انڈیا کے محمد شامی شامل ہیں۔
آئی سی سی ٹی20 کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ جیتنے کی دوڑ میں نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین، یوگنڈا کے الپیش رامجانی، زمبابوے کے سکندر رضا جبکہ انڈیا کے سوریا کمار یادو شامل ہیں۔
دوسری جانب آئی سی سی ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے جنوبی افریقہ کے جیرالڈ کوئٹزیا، انڈیا کے یاشسوی جیسوال، سری لنکا کے دلشان مدھوشنکا اور نیوزی لینڈ کے رَچن رویندرا شامل ہیں۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

شیئر: