Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم آئی سی سی کے کرکٹر آف دی ایئر قرار

بطور کپتان قومی ٹیم بھی 2022 بابر اعظم کے لیے یادگار رہا جس میں پاکستان نے تین میں سے تین ون ڈے سیریز اپنے نام کیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے دنیائے کرکٹ کے دو بڑے اعزاز اپنے نام کر لیے ہیں۔
جمعرات کے روز بابر اعظم نے آئی سی سی کے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر اور کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈز کو جیت لیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بابر اعظم کے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر اور کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے ایوارڈ جیتنے کی تصدیق کر دی ہے۔
 
بابر اعظم نے 2022 میں تینوں فارمیٹس میں کُل 44 میچز کھیلے جس میں انہوں نے 54 کی عمدہ اوسط کے ساتھ 2589 رنز بنائے۔

سنہ 2022 میں بابر اعظم نے آٹھ سینچریاں اور 17 ففٹیاں بھی اپنے نام کیں۔
آئی سی سی کے مطابق ’بابر اعظم نے 2022 میں بطور کپتان انفرادی ریکارڈ توڑے جس پر یقین کرنا مشکل ہے۔‘
’بابر کیلنڈر ایئر میں 2000 سے زائد رنز بنانے والے واحد کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 54 رنز کی اوسط کے ساتھ 2589 سکور بنائے۔‘
’سنہ 2022 میں انہوں نے آٹھ سینچریاں اور 17 ففٹیاں سکور کیں جو کہ ان کی کیریئر کی اب تک کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔‘
آئی سی سی نے مزید کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹر اس وقت اپنے کھیل کےعروج پر ہیں۔‘

گزشتہ برس آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم نے تقریباً 10 گھٹنے بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 425 گیندوں پر 196 رنز بنائے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

آئی سی سی نے بابر اعظم کی گزشتہ سال کی بہترین پرفارمنس آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں دوسری اننگز میں ان کے 196 رنز بنانے کو قرار دیا۔
گزشتہ برس آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم نے تقریباً 10 گھٹنے بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 425 گیندوں پر 196 رنز بنائے تھے جس کی مدد سے پاکستان نے یقینی شکست کو ڈرا میں بدل دیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ سال بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں بھی چھائے رہے۔
گزشتہ سال گرین شرٹس کے کپتان نے نو ون ڈے میچز کھیلے جس میں انہوں نے تین سینچریاں بناتے ہوئے سال کا اختتام 84.87 کی حیران کن اوسط کے ساتھ 679 رنز بنا کر کیا۔
بطور کپتان قومی ٹیم بھی 2022 بابر اعظم کے لیے یادگار رہا جس میں پاکستان نے تین میں سے تین ون ڈے سیریز اپنے نام کیں۔ پاکستان نے سال بھر میں 9 ون ڈے میچز کھیلے جس میں اسے صرف ایک میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

گزشتہ برس آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم نے تقریباً 10 گھٹنے بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 425 گیندوں پر 196 رنز بنائے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

آئی سی سی نے 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں ان کی 83 گیندوں پر 114 رنز کی اننگز کو سال کی یادگار اننگز قرار دیا۔
خیال رہے بابر اعظم ون ڈے فارمیٹ میں غیر معمولی کارکردگی کی وجہ سے آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں نہ صرف شامل ہوئے بلکہ کپتان بھی بنے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم سے قبل آئی سی سی نے مردوں اور خواتین کی الگ الگ ٹی20 ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کیا تھا۔
آئی سی سی ٹی20 ٹیم آف دی ایئر میں پاکستان سے محمد رضوان اور حارث رؤف جب کہ خواتین کی ٹیم میں آل راؤنڈر ندا ڈار کو شامل کیا گیا تھا۔

 

شیئر: