Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نہیں معلوم عمران خان 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں کہ نہیں: وزیراعظم کاکڑ

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ’میری ذاتی رائے ہے کہ نو مئی کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے پوری جماعت کو سزا نہیں ملنی چاہیے۔‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ سابق وزیراعظم عمران خان نو مئی کے واقعات میں ملوث تھے کہ نہیں۔‘
اتوار کو جیو نیوز کے پروگرام میں اینکر سہیل وڑائچ کے ساتھ بات کرتے ہوئے انوار الحق نے نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے فوجی ٹرائل شروع نہ ہونے کے حوالے سے کہا کہ ’پہلے تو اس بات کا جواب ملنا چاہیے کہ فوجی ٹرائل ہونے چاہییں کہ نہیں، اگرچہ سپریم کورٹ نے اس کا جواب دیا ہے لیکن معاشرے میں اس حوالے سے تقسیم تھی کہ نہیں ہونے چاہییں۔ لیکن یہ فیصلہ ہو چکا ہے کہ ہونے چاہییں۔‘
’میرے خیال میں آنے والی حکومت جو بھی بنے گی ہو سکتا ہے کہ اس دوارنیے میں ان (ٹرائلز) کے نتائج سامنے آئے، کیونکہ اب تو وقت (نگران حکومت کا) اتنا نہیں رہ گیا۔‘
اس سوال پر کہ کیا نو مئی کے واقعے پر پاکستان تحریک انصاف کو بطور جماعت سزا ملنی چاہیے یا اس کے ذمہ داروں کو؟ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ’میری ذاتی رائے ہے کہ اس کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے پوری جماعت کو سزا نہیں ملنی چاہیے۔ میرے خیال میں نہ ایسا کوئی ارادہ ہے اور نہ ایسی کوئی کوشش ہے کہ پوری کی پوری پی ٹی آئی کو دشمن ڈکلیئر کر کے اس سے برتاؤ کیا جائے۔ ہاں جو ذمہ داران ہیں (نو مئی کے) انہیں بالکل قانون کا سامنا کرنا چاہیے۔‘
انہوں نے اس سوال پر کہ کیا عمران خان ذاتی طور پر نو مئی کے واقعے میں ملوث ہیں، اگر ہیں تو اس کے ثبوت کیوں نہیں سامنے لائے جاتے، کے جواب میں کہا کہ ’میرے پاس اس حوالے سے کوئی خاص معلومات نہیں ہیں جس کے حساب سے میں یہ رائے قائم کر سکوں۔ رائے قائم کرنے سے قبل میں سمجھتا ہوں کہ ایک عدالتی طریقہ کار ہے، اگر وہ اس نتیجے پر پہنچیں کہ واقعتاً وہ (عمران خان) اس کے ماسٹر مائنڈ تھے، انہوں نے یہ سب کرایا تھا تو ہی میں اپنی رائے دوں گا۔ تب تک میں اس سوال کا جواب نہیں دوں گا۔‘

شیئر: