Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کے انتخابات شفاف اور غیرجانبدارانہ نہیں تھے: امریکہ

شیخ حسینہ نے عام انتخابات پر اپوزیشن کی تنقید کو ’ناجائز‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں اتوار کو منعقدہ انتخابات شفاف اور منصفانہ نہیں تھے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واشنگٹن نے ووٹنگ میں بے ضابطگیوں کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا اور پرتشدد واقعات کی مذمت کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پیر کو کہا کہ ’امریکہ کو سیاسی اپوزیشن کے ہزاروں ارکان کی گرفتاریوں اور انتخابات کے دن بے ضابطگیوں کی رپورٹس پر تشویش ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکہ کا یہ خیال ہے کہ یہ انتخابات شفاف یا غیرجانبدارانہ نہیں تھے اور ہمیں افسوس ہے کہ تمام جماعتوں نے حصہ نہیں لیا۔‘ بنگلہ دیش کے عام انتخابات میں حکمران جماعت عوامی لیگ نے 75 فیصد نشستیں جیتیں جس کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد مسلسل چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہو گئیں۔
برسراقتدار عوامی لیگ کو کسی بڑے حریف کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیونکہ مرکزی اپوزیشن بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور اس کے اتحادیوں نے اتوار کے الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا۔
بی این پی کئی ماہ سے موجودہ حکومت کے زیرِنگرانی الیکشن کو ماننے سے انکاری تھی اور اُن کا مطالبہ تھا کہ غیرجانبدار نگران حکومت کے تحت عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔
اتوار کو ہونے والے انتخابات میں ٹرن آؤٹ 41.8 فیصد تھا۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمراں جماعت عوامی لیگ نے 298 میں سے 222 نشستیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ نے عام انتخابات پر اپوزیشن کی تنقید کو ’ناجائز‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔
حسینہ واجد کی حکومت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور حزب اختلاف کے خلاف بے رحمانہ کریک ڈاؤن کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
حسینہ واجد نے پیر کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انتخابات آزادانہ اور منصفانہ تھے، اگر کوئی پارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لیتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ جمہوریت نہیں ہے۔ جو لوگ تنقید کرنا چاہتے ہیں وہ تنقید کر سکتے ہیں۔‘
سنہ 1971 میں پاکستان سے آزادی حاصل کرنے کے بعد بنگلہ دیش کا یہ 12 واں انتخاب تھا۔ بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی بیٹی 76 سالہ حسینہ واجد پہلی بار 1996 میں وزیراعظم بنی تھیں۔

شیئر: