سعودی امداد نے ہماری مشکل آسان کردی: غزہ متاثرین
اب تک 38 طیاروں کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا جاچکا ہے (فوٹو: عکاظ)
غزہ میں فلسطینی متاثرین کا کہنا ہے کہ ’ہنگامی بنیاد پر فراہم کی جانے والی سعودی امداد نے ہماری مشکل آسان کردی ہے۔‘
الاخباریہ کے مطابق ایک فلسطینی خاتون نے کہا کہ ’شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ذریعے فراہم کیے جانے والے خیموں، کھانے پینے کی اشیا، ادویہ اوردیگر سامان سے آسانی ہوئی اس پر سعودی عرب اور اس کے عوام کے شکر گزار ہیں۔‘
غزہ کے ایک اور باشندے نے کہا کہ ’اسرائیلی بمباری سے ہمارے گھر اور علاقے تباہ ہوگئے ہیں۔ شاہ سلمان مرکز نے مدد کرکے مصائب میں بڑی کمی کی ہے۔‘
غزہ کے ایک پناہ گزین کیمپ میں مقیم فلسطینی خاتون کا کہنا تھا کہ ’شاہ سلمان مرکز نے جو فوڈ باسکٹس تقسیم کیں ان میں کھانے پینے کی تمام چیزیں موجود تھیں اورمعیاری بھی تھیں۔ ہمیں تو صرف سعودی امداد ہی ملی ہے۔‘
یاد رہے کہ شاہ سلمان مرکز غزہ پٹی کے متاثرین کی مدد کے لیے فضائی اور بحری پل قائم کیے ہوئے ہے۔
اب تک 38 طیاروں کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا جاچکا ہے جبکہ پانچ بحری جہاز بھیجے گئے ہیں۔
سعودی عرب نے 20 ایمبولینسیں بھی بھیجی ہیں جبکہ غزہ کے فلسطینی متاثرین کی مدد کے لیے عطیات مہم کے تحت 505 ملین ریال سے زیادہ جمع ہوچکے ہیں۔