Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میدان میں جنگی پیغام آویزاں کرنے والے اسرائیلی فٹبالر کو رہا کر دیا گیا

آنتلیاسپور فٹبال کلب کا کہنا تھا کہ کلب کی جانب سے اسرائیلی فٹبالر کو ’قومی وقار کے خلاف کام کرنے پر‘ فارغ کر دیا گیا ہے (فوٹو: آئیکن سپورٹ / احمد مورا)
ترکیہ نے فٹبال میچ کے دوران فلسطین اسرائیل جنگ کے بارے میں پیغام آویزاں کرنے والے اسرائیلی فٹبالر کو رہا کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو ترکیہ کی عدالت نے فرسٹ ڈویژن کے فٹبال میچ کے دوران اسرائیل فلسطین جنگ کے بارے میں پیغام آویزاں کر کے عوام کو نفرت پر ابھارنے کے جرم میں گرفتار ہونے والے اسرائیلی فٹبالر ساجیو جیہیزکل کو رہا کر دیا ہے۔
ساجیو جیہیزکل نے ترکیہ کی مقامی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ وہ جنگ کو پسند نہیں کرتے۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں جنگ کو پسند نہیں کرتا۔ جو بھی ہو، غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کو قید کیا ہوا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ 100 دن بعد اس جنگ کو ختم ہو جانا چاہیے۔ میں جنگ کا اختتام چاہتا ہوں۔‘
اس سے قبل برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کے مطابق ترکیہ کے میڈیا کا کہنا تھا کہ فٹ بال میچ کے دوران ساجیو جیہیزکل نامی اسرائیلی فٹ بالر کو فلسطین اسرائیل جنگ کے بارے میں پیغام آویزاں کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اتوار کو ترکیہ کے وزیر انصاف نے ساجیو جیہیزکل کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ فٹ بالر کے کلب ’آنتلیاسپور‘ نے بھی انہیں فارغ کر دیا۔
ساجیو جیہیزکل نے آنتلیاسپور کی جانب سے تریبسنسپور کے خلاف گول کرنے کے بعد اپنی بائیں کلائی پر پہنے ہوئے بینڈیج کو لہرایا تھا جس پر ’7 اکتوبر، 100 دن‘ لکھا ہوا تھا۔
اسرائیلی فٹ بالر کے اس پیغام کا مطلب 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کی یاددہانی کروانا تھا اور یہ بتانا تھا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ کو 100 دن گزر چکے ہیں۔
ترکیہ کے وزیر انصاف یلماز تنک نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’آنتالیا کے پبلک پراسکیوٹر نے اسرائیلی فٹبالر ساجیو جیہیزکل کے خلاف عوام کو نفرت پر ابھارنے اور غزہ میں اسرائیلی قتل عام کی حمایت کرنے کے باعث جوڈیشل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’ہم مظلوم فلسطینی عوام کا ساتھ دیتے رہیں گے۔‘
دوسری جانب آنتلیاسپور فٹ بال کلب کا کہنا تھا کہ کلب کی جانب سے اسرائیلی فٹ بالر کو ’قومی وقار کے خلاف کام کرنے پر‘ فارغ کر دیا گیا ہے۔

شیئر: