Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگ کے سائے تلے فلسطینی فٹبال ٹیم کی فیفا ورلڈ کپ کے کوالیفائرز کے لیے تیاریاں

ہیڈ کوچ کہتے ہیں کہ ’غزہ میں تباہی اور اموات کے باعث کھلاڑی نفسیاتی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے لیے فلسطینی ٹیم کی غزہ میں جاری جنگ کے سائے تلے تیاریاں جاری ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ہیڈ کوچ مکرم دابوب اپنی فلسطینی ٹیم کو 2026 کے فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائرز کے لیے تیار کرنے پر مشکلات کا شکار ہیں تاہم اس دوران انہیں اس بات پر ضرور راحت ملی ہے کہ غزہ میں پھنسے ہوئے اُن کی ٹیم کے کچھ کھلاڑی محفوظ ہیں۔
فلسطین نے 16 اور 21 نومبر کو بالترتیب لبنان اور آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ میچ کھیلنے ہیں۔
ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے فلسطینی ٹیم کا اردن میں ٹریننگ کیمپ جاری ہے جس میں ہیڈ کوچ اپنی ٹیم کے تین کھلاڑی ابراہیم ابوئی میر، خالد النبریص اور احمد القید کو اس ٹریننگ کیمپ کا حصہ بنانا چاہتے ہیں تاہم یہ کھلاڑی اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے باعث ابھی غزہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔
مکرم دابوب نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ’ابھی تک غزہ میں پھنسے ہوئے کھلاڑی محفوظ ہیں۔ اُن کے کئی رشتے دار بمباری کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔‘
مکرم دابوب سمجھتے ہیں کہ اس تنازعے کے باعث کھلاڑیوں کے لیے فٹبال پر توجہ کرنا ایک مشکل کام ہوگا۔
 
اردن میں جاری اس ٹریننگ کیمپ میں دو کھلاڑی غزہ سے آنے ہیں جبکہ مصر سے محمد صالح اور محمود وادی نامی فٹبالر بھی فلسطینی ٹیم کو جوائن کریں گے۔
اس سلسلے میں ہیڈ کوچ کہتے ہیں کہ ’غزہ میں تباہی اور اموات کے باعث کھلاڑی نفسیاتی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔‘
اس بارے میں فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن کے نائب صدر سوسان شلابی سمجھتے ہیں کہ میچوں کے ہونے پر عوام اور کھلاڑیوں کو کوئی تحفظات نہیں ہیں۔
سوسان شلابی نے کہا کہ ’عوام چاہتے ہیں کہ انہیں باقی دنیا سنے اور دیکھے۔ عوام باقی لوگوں کی طرح معمول کے مطابق زندگی گزارنا چاہتے ہیں، لہذا لوگ اپنی قومی ٹیم کے بارے میں بہت حساس ہیں۔‘
 

فلسطینی ٹیم نے 2018 میں فیفا رینکنگ میں 78ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

یاد رہے فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن کو 1998 میں فیفا کی رکنیت حاصل ہوئی تھی جس کے بعد فلسطینی ٹیم نے خطے میں کچھ کامیابیاں بھی حاصل کیں۔
ایشین فٹبال کانفیڈیرشن کے ذریعے اب تک کوالیفائرز کا فائنل نہ کھیلنے والی فلسطینی ٹیم کے لیے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں رسائی حاصل کرنا ایک خواب کی تعبیر ہوگی۔
اس ٹیم کے لیے ایک امید یہ بھی ہے کہ ورلڈ کپ میں ایشیا سے آٹومیٹک کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی تعداد چار سے بڑھا کر آٹھ کر دی گئی ہے۔
خیال رہے 2026 کا فیفا فٹبال ورلڈ کپ امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں کھیلا جائے گا۔
فلسطینی ٹیم نے 2018 میں فیفا رینکنگ میں 78ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس ٹیم نے 2015 اور 2019 کے ایشین کپ میں شرکت کی اور پھر 2023 میں قطر میں ہونے والے کانٹینینٹل ٹورنامنٹ میں بھی کوالیفائی کیا۔

شیئر: