Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اثرا سنٹر میں ’روشنی کی تلاش‘ کے عنوان سے نایاب تصاویر کی نمائش

پیٹر سینڈرز نے 40 ممالک کے سفر میں کئی جگہوں کو کیمرے کی آنکھ سے دیکھا۔ فوٹو عرب نیوز
اگر ایک تصویر ہزار الفاظ کی کہانی بتا سکتی ہے تو کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر (اثرا سینٹر)میں برطانوی فوٹوگرافر پیٹر سینڈرز کی تصاویر کی نمائش میں ملین الفاظ موجود ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق دہران کے اثرا ہال میں’روشنی کی تلاش‘ کے عنوان سے 78 سالہ معروف فوٹوگرافر کی تقریباً 100 نایاب تصاویر کو نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔

پیٹر سینڈرز  کی تصاویر مسلم شناخت کی عکاسی کرتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

برطانوی فوٹو گرافر نے 1960ء کی دہائی کے میوزک آئیکون جمی ہینڈرکس، باب ڈیلن اور دی رولنگ سٹونز کے پورٹریٹ بنانے سے لے کر 1970ء کی دہائی میں ’اسلام اور روشن خیالی‘ کے اپنے سفر کی تصویر کشی کی۔
اثرا سنٹر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ تصویری نمائش اہم مقامات، نسلوں اور روایات کے ذریعے روشنی کے لیے اسلام کی روایتی دنیا کا ایک گہرا ہمدردانہ نظارہ پیش کرتی ہے۔
نمائش کے افتتاح کے موقع پر جب متعدد کیمروں کے شٹرز اس معروف شخصیت کے گرد پھڑپھڑا رہے تھے تو عین اس وقت وہ اپنے کیمرے کے بغیر پرسکون انداز میں وہاں موجود تھے۔

مکہ کی شاہکار تصویر نے ان کی زندگی مکمل طور پر بدل دی۔ فوٹو عرب نیوز

اس موقع پر برطانوی فوٹوگرافر نے بتایا کہ یہ تصویری نمائش ایک ایسے سفر پر مبنی ہے جس کا ہم سب نظارہ کرتے ہیں، بچپن سے جوانی تک اور جوانی کی پختگی اور بڑھاپے تک جو حیرت انگیز سفر ہوتا ہے۔
بچپن سے جوانی تک آپ صرف اپنی زندگی گزارنے میں مصروف ہوتے ہیں لیکن پھرجیسے جیسے آپ میں پختگی آتی ہے، آپ محسوس کرتے ہیں کہ ہم سب کیسے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں اپنے پیشہ ورانہ سفر کے آغاز میں نامور چہروں کی تصویریں کھینچنے سے لے کر دور دراز کے دیہات تک گیا اور جب زندگی کچھ آگے بڑھی تو میں روشنی کی تلاش کے سفر پر نکل گیا۔
نئے سفر میں بغور مطالعے کے بعد معروف فوٹوگرافر نے اسلام قبول کر کیا اور 55 سال سے زائد عرصہ تک 40 ممالک کا سفر کرتے ہوئے ایسے مقامات اور جگہوں کو کیمرے کی آنکھ سے دیکھا جو اثرا سنٹر کی گیلری 3 میں ناظرین کو ان کا ہنر دیکھنے کا موقع دے رہی ہے۔

لگتا ہے کہ اب اس کام کی پہلے سے زیادہ ضرورت اور اہمیت ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ان کی زندگی اس وقت مکمل طور پر بدل گئی جب 1972 میں وہ مکہ مکرمہ میں ایک شاہکار تصویر کھینچنے میں کامیاب ہوئے۔
حج کے موقع پر اتاری گئی یہ تصویر میں زیادہ تر انسان سفید چادروں میں لپٹے ہوئے تھے اور ایسا لگ رہا تھا جیسے اللہ کے گھر کے گرد سفید موتیوں کا ہار پرو دیا ہے۔
پیٹر سینڈرز کی بہت سی تصاویر کو 2022 میں اثرا کی پہلی سفری نمائش میں رکھا گیا اور 2023 میں ان تصاویر کو سفری کتاب میں شامل کیا گیا اور اسے ’ہجرۃ ‘ کا نام دیا گیا جس میں حرمین کے 400 کلومیٹر سفر کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔
معروف فوٹوگرافر کا یہ سفر امام عبدالرحمان بن فیصل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ حسین الکادی کے  ہمراہ تھا جنہیں ہجرت کے راستے کی تحقیق کا ماہر سمجھا جاتا ہے۔

معروف فوٹوگرافر کی تقریباً 100 تصاویر کو نمائش میں رکھا گیا ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

اس موقع پر اثرا سنٹر کے عہدیدار ڈاکٹر ادریس ٹریواتھن نے پیٹر سینڈرز کے کام کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ اب اس کام کی پہلے سے زیادہ ضرورت اور اہمیت ہے۔
آج ہم ہر روز ہزاروں قدیم تصاویر دیکھتے ہیں سوشل میڈیا پر آن لائن، بل بورڈز پر، ٹی وی پر اور ہزاروں تصویریں کھینچ کر اپنی جیبوں میں لے جاتے ہیں شاید ایک، دو بار ان پر نظر ڈالیں اور آخرکار وہ کھو جاتی ہیں۔
پیٹر سینڈرز کی تصاویر ’حقیقی‘ ہیں اور اس نمائش میں جو تصویریں رکھی گئی ہیں وہ کبھی بوڑھی نہیں ہوں گی اور وہ ہم سب سے زیادہ زندہ رہیں گی۔
اثرا سنٹر میں یہ منفرد تصویری نمائش دیکھنے کے لیے دور دراز سے شائقین آ رہے ہیں، جدہ سےخاص طور پر نمائش میں آنے والے نائلہ الثقافی جو خود بھی فوٹو گرافر رہی ہیں انہوں نے بتایا کہ پیٹر سینڈرز کے پاس حیرت انگیز تصاویر ہیں اور ان کی ہر تصویر بولتی ہے، ہر تصویر کی ایک کہانی ہے۔

یہ نمائش مکہ، مدینہ اور بیت المقدس کے سفر کی داستان پیش کرتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

پیٹر سینڈرز ایک استاد ہیں جو اس شعبے کی تکنیکی باریکیوں کو سمجھتے ہیں، ان کی تصاویر مسلم شناخت کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔ یہ شخصیت ایک چلتا پھرتا خزانہ ہے۔
پیٹر سینڈرز کے کیمرے کی آنکھ سے لی گئی تصاویر کی یہ نمائش پانچ زون میں پھیلی ہوئی ہے جو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور بیت المقدس جیسے عظیم شہروں کے سفر سے لے کر دور دراز صحراؤں کی روداد پیش کرتی ہے۔
اثرا سنٹر میں تصویری نمائش 16 جون تک جاری رہے گی، نمائش کا حصہ بننے کے لیے ویب سائٹ ithra.com کا وزٹ کر کے 35 ریال میں ٹکٹ حاصل کی جا سکتی ہے۔
 

شیئر: