Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فوٹوگرافر کی تبوک کے دلکش مناظر کی تصویر کشی

سعودی عرب کے شمال مغربی علاقوں تبوک اور نیوم میں حالیہ دنوں ہونے والی شدید بارش کے بعد چٹانوں سے بہتے پانی اور دلکش مناظر کی سعودی فوٹو گرافر مشیر البلعاوی نے شاندار تصویر کشی کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مقامی شہری مشیر البلعاوی فوٹو گرافی کا انتہائی شوق رکھتے ہیں اور سوشل میڈیا پر 'مارشل' کے نام سے معروف ہیں۔
حالیہ تصویر کشی میں انہوں نے اس علاقے میں موجود سرخ پہاڑوں سے گرنے والی آبشاروں کو کیمرے کی آنکھ سے دیکھا ہے اور خوبصورت مناظر کی عکاسی کی ہے۔

عرب نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں مشیر البلعاوی نے اپنے اردگرد موجود قدرتی عجائبات کی تعریف کرتے ہوئے کئی ایک دلچسپ انکشاف کئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تبوک کے علاقے اور اس کے ارد گرد ماحول کی قدرتی خوبصورتی اور دلکشی کو میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا تو فوٹوگرافی کے ذریعے اس کے خوبصورت مناظر دنیا کے سامنے پیش کرنے کا خیال آیا۔

مقامی فوٹوگرافر اپنے زیادہ تر کام کے لیے آئی فون 14 کا استعمال کرتے ہیں جب کہ اس سے قبل وہ پرانے ماڈلز کے فوٹ یا کیمرے استعمال کرتے رہے ہیں۔
البلعاوی  کا خیال ہے کہ فوٹو گرافی کا اصل فن کسی ٹول یا کیمرے میں نہیں بلکہ  آنکھ کے پیچھے فوٹوگرافر کے وژن اور مہارت میں پنہاں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس شوق میں دلچسپی پر میرے والد نے سکول میں اچھے نتائج لانے کی شرط پر مجھے سمارٹ فون لے کر دیا جس کے استعمال میں اپنی مہارت اور منفرد تکنیک کا استعمال کیا۔
میرے فن کا موضوع مملکت کی خوبصورت جنگلی حیات بشمول گھوڑے، اونٹوں کے علاوہ سعودی ثقافت اور ورثے  کے ساتھ اردگرد  زمین کی فطری آرائش ہے۔
مشیر البلعاوی کی نایاب تصاویر اور ویڈیوز کا محور تبوک گورنری کے شمال مغربی علاقے بجدہ میں واقع خوبصورت اور حیرت انگیز مناظر ہیں۔

سطح سمندر سے 1167میٹر کی بلندی پر موجود  یہ قدرتی مناظر علاقے میں نمایاں خصوصیات رکھتے ہیں۔
سردیوں کے موسم میں اس علاقے میں خاص تبدیلی آتی ہے جب یہ پہاڑ برف کی تہہ سے ڈھکے ہوتے ہیں اور انتہائی دلکش مناظر پیش کرتے ہیں جو صحرائی ماحول کے بالکل برعکس ہے۔
البلعاوی کی اپنے فن کے لیے لگن قابل ذکر ہے وہ تندہی سے موسمی حالات پر نظر رکھتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ صحیح وقت پر صحیح جگہ پر موجود ہوں۔

مقامی فوٹوگرافر نے بتایا کہ مجھے علاقے میں آنے والی طوفانی بارشوں یا برفانی طوفان کا سراغ لگانا دلچسپ لگتا ہے کیونکہ نایاب مناظر کی عکاسی کرنے کے لیے اس طرح کے خطرات مول لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
سعودی فوٹوگرافر مشیر البلعاوی کی مزید تصاویر کے لیے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ  ttps://twitter.com/mrshal_91 پر وزٹ کریں۔
 

شیئر: