انڈین مسافر ’پوری پرواز کے دوران‘ طیارے کے ٹوائلٹ میں پھنسا رہا
بدھ 17 جنوری 2024 17:03
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
مسافر فلائٹ کے آغاز میں ٹوائلٹ گیا اور لینڈنگ تک ٹوائلٹ میں پھنسا رہا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ممبئی سے بینگلورو جانے والی سپائس جیٹ کی فلائٹ میں ٹوائلٹ کا دروازہ لاک ہوجانے پر مسافر 100 منٹ تک پھنسا رہا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ فلائٹ SG-268 میں پیش آیا جس نے ممبئی ایئرپورٹ سے صبح 2 بجے اڑان بھری۔ ٹیک آف کے بعد سیٹ بیلٹ کی وارننگ ختم ہونے کے فوراً بعد ہی مسافر ٹوائلٹ گیا تھا۔
سپائس جیٹ کے ترجمان نے بتایا کہ کیبن کریو مسافر کو سفر کے دوران مدد فراہم کرتا رہا۔ جب عملے کو معلوم ہوا کہ دروازہ کھولنے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں تو ایک ایئر ہوسٹس نے مسافر کو تسلی دینے کے لیے واش روم کے دروازے کے نیچے کاغذ پر لکھا ایک نوٹ پھسلایا۔
سوشل میڈیا پر ایئر ہوسٹس کی جانب سے لکھے گئے اس نوٹ کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے جس پر لکھا تھا، ’سر ہم نے دروازہ کھولنے کی پوری کوشش کی مگر ہم اسے کھول نہیں سکے۔ گھبرائیں نہیں، ہم چند منٹوں میں اترنے والے ہیں، اس لیے براہ کرم کموڈ کا ڈھکن بند کریں اور اس پر بیٹھ کر خود کو محفوظ رکھیں۔ جیسے ہی مین دروازہ کھلے گا انجینئر آجائے گا۔‘
بنگلورو ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ مسافر رات دو بجے ممبئی کی فلائٹ سے روانہ ہوا تھا اور رات 3 بجکر 42 منٹ پر فلائٹ کے لینڈ کرنے تک ٹوائلٹ میں ہی پھنسا رہا۔
فلائٹ کے بینگلورو ایئرپورٹ پر لینڈ کرتے ہی ٹوائلٹ میں پھنسے مسافر کو انجینیئرز نے ریسکیو کیا اور طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مسافر تقریباً دو گھنٹے تنگ جگہ میں پھنسے رہنے کے باعث شدید صدمے سے دوچار تھا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سپائس جیٹ ایئرلائن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مسافر کو مکمل ٹکٹ ری فنڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔