سعودی ہلال احمر کے اہلکار نے بچی کی کال پر اس کی والدہ کیسے بچایا؟
مثالی انسان دوستی پر وزیر صحت فہد الجلاجل نے تعریفی سند سے نوازا ہے (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں ہلال الاحمر کنٹرول سینٹر کے ایک اہلکار کی فرض شناسی اور مثالی انسان دوستی پر وزیر صحت فہد الجلاجل نے تعریفی سند سے نوازا ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق ایک بچی نے ہلال الاحمر کو ٹیلی فون کر کے اپنی والدہ کے لیے امداد طلب کی تھی۔
ہلال الاحمر کے کنٹرول سینٹر پر موجود اہلکار نے انسان دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے بچی کو اس وقت تک اپنے ساتھ ٹیلی فون پر مصروف رکھا جب تک ہلال الاحمر کے امدادی یونٹ ان کے گھر پہنچ گئے۔
وزیر صحت کی جانب سے ہلال الاحمر کے کارکن عبداللہ دعیج المطیری کے اعزاز میں تقریب کا بھی اہتمام کیا۔
اس موقع پر وزیر صحت نے کہا ’نہ صرف میری بلکہ تقریب کے تمام شرکا کی آنکھیں انسانی ہمدردی کے جذبات کو عملی شکل میں دیکھ کر پرنم ہیں‘۔
’ اپنے کام سے محبت اور جذبہ انسانیت سعودی وژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
وزارت صحت نے ایکس اکاونٹ پر ہیش ٹیگ بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ ہمیں عبداللہ المطیری پرفخر ہے۔
صحت کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نھال العازمی نے اپنے ایکس اکاونٹ پر کہا’ ہمیں ہلال الاحمر کے اس ہیروعبداللہ المطیری پر فخر ہے۔
واضح رہے ایک بچی نے ہلال الاحمر کے ہنگامی سینٹر میں فون کیا اور کہا کہ میری والدہ گرگئی ہیں اور وہ کچھ بول نہیں رہیں کیا کروں؟۔
سینٹر کے کارکن نے بچی سے دریافت کیا کہ اسے واٹس ایپ پرلوکیشن بھیجنی آتی ہے جس پر بچی نے ہاں میں جواب دیا تو لوکیشن حاصل کرکے فورا ہی قریبی ہلال الاحمر کے گراونڈ یونٹس کو ارسال کردی۔
اسی دوران وہ بچی سے فون پر مسلسل رابطے میں رہا اوراسے تسلی دیتا رہا۔ ہلال الاحمر کے یونٹ وہاں پہنچ جانے کے بعد اس نے رابطہ منقطع کیا۔
واقعے کی تمام آڈیو ریکارڈنگ ہلال الاحمر کے ایکس اکاونٹ پربھی اپ لوڈ کی گئی ہے۔