سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عمران خان سے بدتمیزی کی: علیمہ خان
علیمہ خان نے کہا کہ چیف جسٹس سے سے اپیل کرتے ہیں کہ عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست سن لیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم عمران خان کی بہین علیمہ خان نے کہا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے پیر کے روز عمران خان کے ساتھ بدتمیزی کی۔
عمران خان اور دیگر کے خلاف سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے بعد جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ آج کمرہ عدالت میں ایک واقعہ ہوا۔
’عمران خان میڈیا سے اڈیالہ جیل میں بات کررہے تھے جس کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے ان سے بدتمیزی کر دی۔ میرے پوچھنے پر سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ بانی چیئرمین نے مجھے تم کہہ کر مخاطب کیا۔‘
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ اچھے انداز میں بات کرتے ہیں اور جیل میں اچھے طریقے سے رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’حمزہ شہباز کی یہ ملازمت کرتے ہیں، جو انھیں چلتے چلتے دھکے دیتا ہے۔‘
’اگرعمران خان کے ساتھ جیل میں بدتمیزی کرتے ہیں تو عام انسانوں کے ساتھ ان کا رویہ کیسا ہوتا ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جج ہمایون دلاور کا فیصلہ ہائی کورٹ نے معطل کردیا تھا۔
علیمہ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں تین ہفتے سے درخواست لگی ہے۔ ’چیف جسٹس سے استدعا ہے آپ جلدی سے ہماری پٹیشن سن لیں، تاکہ عمران خان الیکشن لڑ سکیں ہیں۔‘
پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی بہن کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے سے اپیل کرتے ہیں کہ عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست سن لیں۔
’ہم چاہتے ہیں یہ اپیل سنی جائے اور پورا ملک اس سماعت کو دیکھے۔‘
قبل ازیں اڈیالہ جیل میں بانی چئیرمین اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذولقرنین نے کی۔
سماعت کے دوران پراسیکیوشن کے مزید چار گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔