غزہ میں فوری جنگ بندی کے حق میں ہیں: کوسٹاریکن وزیر خارجہ
غزہ میں فوری جنگ بندی کے حق میں ہیں: کوسٹاریکن وزیر خارجہ
جمعرات 25 جنوری 2024 16:27
اس بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں بہترین رہنما خطوط ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
کوسٹاریکا کے وزیر خارجہ آرنلڈو آندرے ٹینوکو نے کہا ہے کہ ان کا ملک عزہ میں فوری جنگ بندی کا حامی ہے۔
آرنلڈو آندرے ٹینوکو نے مملکت کے سرکاری دورے کے موقع پر ریاض میں عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں غزہ میں انسانی امداد کی آزادانہ ترسیل اور اسرائیل فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کے لیے جنگ بندی ضروری ہے۔
آرنلڈو ٹینوکو نے کہا ہے کہ ’ہم فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دینے کے حق میں ہیں۔‘
’ہم اسرائیلی یرغمالیوں کی آزادی اور یقیناً دو ریاستی حل کے بارے میں بھی آواز اٹھا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ نے کئی بار امن سے مل جل کر رہنے کا حل پیش کیا ہے۔‘
واضح رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے کے جواب میں غزہ میں اپنی فوجی مہم شروع کی تھی۔
اس حملے میں فلسطینی عسکریت پسندوں نے تقریباً 1200 افراد کو ہلاک کیا تھا اور 240 افراد کو یرغمال بنا لیا جن میں بہت سے غیر ملکی شہری بھی شامل تھے۔
اسرائیلی فوج نے اس کے بعد حماس کے خلاف شدید فضائی اور زمینی حملوں کا آغاز کیا جس نے 2007 سے غزہ کی پٹی پر کنٹرول کر رکھا ہے۔
کوسٹاریکا کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کی جانب سے عسکریت پسندی کو مسترد کرنے اور سفارت کاری کی حمایت کا مطلب یہ ہے کہ ہم اقوام متحدہ کی اتھارٹی اور بین الاقوامی قانون کی اہمیت پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کوسٹاریکا ایسا ملک ہے جس کی فوج نہیں ہے، ہم نے 75 سال قبل مسلح افواج کو تحلیل کر دیا تھا۔
کوسٹاریکا میں افواج کے خاتمے کے بعد ہم بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر اپنی پوری خارجہ پالیسی اور سفارتی کوششوں پر انحصار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں بہترین رہنما خطوط ہیں کہ ریاستوں کو آپسی تنازع کے حوالے سے کس طرح کا برتاؤ کرنا چاہیے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں