Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن سے قبل حکومت نے پارٹی کی مرکزی ویب سائٹس بلاک کردیں: ترجمان پی ٹی آئی

پی ٹی آئی نے ورچوئل فنڈ ریزنگ مہم کے دوران سوشل سائٹس تک رسائی مشکل ہونے کی شکایت کی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل پارٹی کی مرکزی ویب سائٹس بلاک کردی گئی ہیں۔
جمعہ کو پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے وضاحت مانگی گئی ہے کہ انہوں نے پارٹی کی مرکزی ویب سائٹس کو کیوں بلاک کیا گیا ہے؟
واضح رہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم پاکستان کی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر تحریک انصاف سے اُس کا انتخابی نشان ’بلا‘ واپس لینے کا حکم جاری کیا تھا۔
عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کے بعد ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مختلف انتخابی نشانات پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی نے امیدواروں کی معلومات حاصل کرنے اور ووٹروں کی سہولت کے لیے اپنی ویب سائٹ ’انصاف ڈاٹ پی کے‘ پر ایک آن لائن ویب پورٹل جاری کیا۔
اس کے علاوہ پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کے آفیشل فیس بُک پیج پر ایک فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے ووٹرز ایک میسج کے ذریعے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ پر اطلاعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نگراں وفاقی وزرا مرتضیٰ سولنگی اور عمر سیف کو مخاطب کر کے پوچھا گیا ہے کہ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ ’پارٹی کی ویب سائٹس کو کیوں بلاک کیا گیا ہے؟‘


حال ہی میں دیکھا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ورچوئل آن لائن جلسے اور فنڈ ریزنگ مہم کے دوران بھی ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار سست اور سوشل سائٹس تک رسائی انتہائی مشکل ہو گئی تھی۔
اس پر ترجمان پی ٹی آئی نے الزام لگایا تھا کہ پارٹی کی فنڈ ریزنگ مہم اور ورچوئل آن لائن جلسے کو ناکام بنانے کے لیے یہ حربہ اختیار کیا گیا تھا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے ان الزامات پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موقف اختیار کیا تھا کہ انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی وجہ تکنیکی خرابی تھی جسے بعدازاں دور کردیا گیا۔
انٹرنیٹ سروس پر نظر رکھنے والے ادارے ’نیٹ بلاکس‘ کی جانب سے بھی تحریک انصاف کی فنڈ ریزنگ مہم کے دوران انٹرنیٹ سست ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

شیئر: