Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں انٹرنیٹ اور سوشل سائٹس ڈاؤن، ’پی ٹی آئی کا پھر ورچوئل جلسہ ہے‘

پاکستان میں یوٹیوب، فیس بک، ایکس، اور انسٹاگرام جزوی طور پر بند جبکہ انٹرنیٹ بھی سست روی کا شکار ہے۔ (فوٹو:فائل فوٹو)
پاکستان میں دو ہفتوں میں دوسری بار انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی اور پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ یہ ’ورچوئل جلسے‘ کی وجہ سے ہوا لیکن پی ٹی اے نے انٹرنیٹ میں تعطل کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی ہے۔ 
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کچھ دیر پہلے انٹرنیٹ میں جو تعطل آیا اس کی وجہ تکنیکی خرابی تھی۔‘
’جسے درست کرکے انٹرنیٹ کو ملک بھر میں مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے.‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف کے مطابق پاکستان میں سنیچر کی شام انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔
پی ٹی آئی کی آن لائن کیمپین کے دوران فیس بک، ایکس، انسٹاگرام، یوٹیوب، اور انٹرنیٹ سروسز دو ہفتوں میں دوسری مرتبہ متاثر ہو رہی ہے۔
پی ٹی آئی کا ورچوئل جلسہ شروع ہونے سے قبل ہی پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونا شروع ہو گئی تھی۔
انٹرنیٹ سروسز پر نگاہ رکھنے والے ادارے نیٹ بلاکس کے مطابق ’پاکستان بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یوٹیوب فیس بک ایکس اور انسٹاگرام پر رسائی میں مشکل پیش آرہی ہے۔‘ 
نیٹ بلاک کے مطابق ’پاکستان میں انٹرنیٹ کے سست ہونے کی وجہ اپوزیشن لیڈر عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کا دوسرا ورچوئل جلسہ ہے۔‘
پاکستان میں انٹرنیٹ کے سست ہونے کی شکایات کے ساتھ سوشل میڈیا صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ 
ایکس یوزر انعام شیخ کہتے ہیں کہ ’پاکستان کی معیشت اور سوشل میڈیا دونوں ایک جیسے ہیں، بات بات پر ڈاؤن ہو جاتے ہیں۔‘
دوسری جانب سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر منعقد ہونے والے ’وِرچوئل جلسے’ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس ڈاؤن کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 17 دسمبر بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر منعقد ہونے والے ’وِرچوئل جلسے’ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس ڈاؤن کی ہے۔
جس کے بعد رواں سال 7 جنوری کو پی ٹی آئی نے حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ ملک بھر میں سوشل میڈیا کی سروسز پی ٹی آئی کی وِرچوئل فنڈ ریزنگ ٹیلی تھون کے باعث ڈاؤن کی گئی ہیں۔

شیئر: