عالمی عدالت انصاف کا غزہ پر فیصلہ تاریخی ہے: جی سی سی
مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل تک تائید و حمایت کرتے رہیں گے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا ہے کہ ’عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ غزہ پٹی میں اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف سنگین جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔ ‘
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عالمی عدالت انصاف نے جنوبی افریقہ کی طرف سے غزہ میں اجتماعی نسل کشی کے جرم کے انسداد کے معاہدے کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو تاریخی قراردیتے ہوئے کہا’عالمی عدالت کا یہ عزم قابل تعریف ہے کہ وہ مقدمے کی سماعت جاری رکھے گی اور عدالتی فیصلے کی اسرائیل کی طرف سے تعمیل کے تناظر میں مستقبل میں مناسب فیصلے کرے گی۔‘
جاسم البدیوی نے کہا کہ ’عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ بے قصور شہریوں کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین سے مطابقت رکھتا ہے۔‘
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے اسرائیل کے خلاف کیس تیار کرنے والی منفرد قانونی ٹیم اور جنوبی افریقہ کی زبردست کوششوں پر قدرو منزلت کا اظہار کیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا ’عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ اسرائیل سے نافذ کرانے کے لیے عالمی برادری اور اس کے تمام اداروں اور تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔‘
’ تمام خلیجی ممالک مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور جائز حقوق ملنے تک فلسطینی عوام کی تائید و حمایت کرتے رہیں گے۔‘