Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’احسان‘ پورٹل کی تیسری سالانہ تقریب، عطیات دینے والوں کو اعزاز سے نوازا گیا

گورنر ریاض نے احسان پورٹل سے متعدد نئی سہولتوں کا افتتاح کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں اتوار کو ’احسان‘ پورٹل کی تیسری سالانہ تقریب میں گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر نے شرکت کی۔
الاخباریہ اور اخبار 24 کے مطابق احسان پورٹل کی سالانہ تقریب میں عطیات دینے والی شخصیات، فلاحی انجمنوں اور اہم ترین اداروں کی عزت افزائی کی گئی۔
گورنر ریاض نے احسان پورٹل سے متعدد نئی سہولتوں کا افتتاح کیا۔ ان میں نمایاں ترین سروس ’استحقاق‘ ہے جس کے ذریعے یہ پتہ لگایا جائے گا کہ مدد کا طلب گار اس کا مستحق ہے یا نہیں۔
تقریب کے دوران اعلان کیا گیا کہ دنیا بھر میں روزانہ کی بنیاد پر سب سے زیادہ عطیات وصول کرنے والے ادارے کی حیثیت سے احسان پورٹل کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 
27 رمضان 1444ھ کو چوبیس گھنٹے کے دوران 5 لاکھ  58 ہزار سے زیادہ افراد نے عطیات  دیےجن سے 4 لاکھ 76 ہزار ضرورت مندوں نے استفادہ کیا۔
 تقریب کے دوران بتایا گیا کہ احسان وقف فنڈ میں 700 ملین ریال کے عطیات جمع ہوچکے ہیں۔
 مدینہ منورہ میں السلام وقف ہسپتال کے لیےعطیات مہم کامیاب رہی ہسپتال کا 75 فیصد حصہ مکمل ہوچکا ہے۔
تقریب کے دوران احسان وقف فنڈ کے لیے مزید عطیات کا اعلان ہوا، اس سے موجود ہزاروں فلاحی انجمنوں کو فائدہ ہوگا۔
اوقاف الشاکرین فاؤنڈیشن نے 250 ملین ریال اور محکمہ اوقاف نے 250 ملین ریال احسان وقف فنڈ میں جمع کرائے۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت بھر میں فلاحی سرگرمیوں کی سرپرستی کررہے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ فلاحی خدمات کا شعبہ ترقی کرے۔
 مصنوعی ذہانت اینڈ ڈیٹا سعودی اتھارٹی (سدایا) نے شاہی فرمان پر احسان پورٹل قائم کیا ہے۔ 13 سرکاری اداروں کی نمائندہ کمیٹی احسان پورٹل کی سرگرمیوں پر نظر رکھتی ہے۔

 

 

شیئر: