Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایل ٹی20: ’وسیم اکرم‘ کا وسیم اکرم سے ملاقات کا خواب پورا

سابق کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ وسیم جونیئر کے ٹیلنٹ سے متاثر ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
دبئی میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل لیگ ٹی20 میں ’وسیم اکرم کا وسیم اکرم سے ملاقات‘ کا خواب پورا ہو گیا۔
یواے ای میں مقیم لیفٹ آرم فاسٹ بولر وسیم اکرم جونیئر انٹرنیشنل لیگ ٹی20 کی ٹیم تھنڈربولٹس کے لیے کھیل رہے ہیں اور ٹورنامنٹ کے دوران ان کی اپنے آئیڈیل پاکستان کے سابق سٹار فاسٹ بولر وسیم اکرم سے ملاقات کی خواہش پوری ہوئی۔
اس موقع پر وسیم اکرم جونیئر کا کہنا تھا ’یہ پہلی بار ہے جب میں وسیم اکرم سے ملا ہوں اور لیجنڈ سے مل کر بہت اچھا لگا۔ میں کئی سالوں سے ان کی بولنگ کو فالو کر رہا ہوں تاکہ میں سیکھ سکوں اور اچھا بولر بن سکوں۔ دبئی میں میرے ہاتھ یہ موقع آیا ہے اور میں اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کروں گا۔‘
وسیم جونیئر نے مزید کہا وسیم اکرم کے ساتھ گزارے گئے 10 منٹ بھی میرے لیے ایک دہائی کے برابر ہیں کیونکہ میں اس قلیل وقت میں بہت کچھ سیکھ سکتا ہوں، یہ میرے لیے بطور کرکٹر بہت فائدہ مند ثابت ہو گا۔‘
28 سالہ وسیم جونیئر کا نام ان کے والد نے سابق کرکٹر وسیم اکرم کے نام پر رکھا تھا۔
اس حوالے سے وسیم جونیئر نے کہا ’میرے والد وسیم اکرم کے بہت بڑے مداح ہیں اور جب میں پیدا ہوا تو انہوں نے میرا نام ان کے نام پر رکھا۔ جیسے جیسے میں بڑا ہوا، میں نے بھی وسیم اکرم کی طرف دیکھنا شروع کیا اور ان کی طرح بائیں ہاتھ  سے بیٹنگ اور بولنگ کا انداز اپنایا۔‘
وسیم اکرم یواے ای میں جاری انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 میں بطور کمنٹیٹر شریک ہیں۔ ایونٹ کے سائیڈ لائن پر وسیم اکرم جونیئر نے وسیم اکرم سے ملاقات کے بعد قیمتی مشورے بھی حاصل کیے۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ وسیم کے ٹیلنٹ سے متاثر ہیں، انہوں نے انٹرنیٹ پر ان کی چھ وکٹوں کا سپیل دیکھا اور فوری طور پر رفتار اور ایکوریسی نوٹس کی۔
وسیم اکرم نے مزید کہا ’میں وسیم جونیئر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں اور اگر ممکن ہوا تو میں ان کے ساتھ نیٹس میں بھی کچھ وقت گزاروں گا۔‘

شیئر: