Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توشہ خانہ کیس: عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 14، 14 سال قید کی سزا

توشہ خانہ کیس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشرٰی بی بی کو 14، 14 سال کی سزا سنائی گئی۔
مقدمے کی سماعت بدھ کو احتساب عدالت میں ہوئی جس کے جج جسٹس محمد بشیر نے سزا سنائی۔ عدالت کے فیصلے بعد  بشرٰی بی بی نے اڈیالہ جیل پہنچ کر گرفتاری دے دی۔
عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل بھی قرار دیا گیا ہے جبکہ سزا کے ساتھ 78 کروڑ 70 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
سماعت کے موقع پر بشرٰی بی بی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔  تحریک انصاف کے مطابق بشری بی بی نے لیگل ٹیم سے مشاورت کرنے کے بعد اڈیالہ جیل پہنچ کر گرفتاری دی۔
سماعت کے دوران عدالت نے عمران خان سے جب 342 کے بیان کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے کہا کہ ’مجھے یہاں صرف حاضری کے لیے بلایا گیا ہے۔‘
اس پر عدالت نے کہا کہ ’آپ فوری طور اپنا بیان جمع کرادیں اور عدالتی وقت خراب نہ کریں۔‘
جس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’میں صرف حاضری کے لیے آیا ہوں۔‘ اور یہ کہہ کر کمرہ عدالت سے واپس چلے گئےجس کے بعد جج بشیر نے عمران خان اور بشری بی بی کی سزا کا فیصلہ سنا دیا۔
توشہ خانہ کیس ہے کیا؟
توشہ خانہ ریفرنس میں کہا گیا کہ وزرات عظمیٰ کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مختلف سربراہان مملکت کی طرف سے 108 تحائف ملے جس میں سے ملزمان نے 58 قیمتی تحائف خود رکھ لیے۔
ریفرنس میں مزید بتایا گیا کہ ’108 تحائف میں سے بشریٰ بی بی نے 14 کروڑ روپے مالیت کے 58 تحائف اپنے پاس رکھے جبکہ عمران خان نے جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا۔
توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ جیولری سیٹ ملٹری سیکریٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کرایا گیا۔
’بشریٰ بی بی اور عمران خان نے توشہ خانہ قوانین کی خلاف ورزی کی۔‘
ریفرنس کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تحائف کی من پسند قیمت لگوائی۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ کی 90 لاکھ روپے ادائیگی کی۔

اسلام آباد پولیس کے اہلکار بنی گالہ کی رہائش کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

تحقیقات کے مطابق قیمت پرائیویٹ فرد سے لگوائی گئی جو اصل قیمت سے انتہائی کم  تھی۔ جیولری سیٹ کی قیمت لگانے کے لیے دبئی کے ماہر سے بھی رابطہ کیا گیا۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی نے قومی خزانے کو 1573 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔
شریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل، بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ سب جیل قرار
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے بدھ کے روز بنی گالہ کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’اڈیالہ جیل اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار بنی گالہ سب جیل پر تعینات کر دیے گئے جبکہ جیل کا عملہ بنی گالہ گھر کے اندر تعینات رہے گا۔‘
نوٹی فیکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’اسلام آباد پولیس کے اہلکار بنی گالہ کی رہائش گاہ کے باہر بھی تعینات ہوں گے۔‘

شیئر: