Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران میں قتل ہونے والے نو پاکستانیوں کی لاشیں آج پہنچیں گی: دفتر خارجہ

پاکستانی مزدوروں کو دہشت گردوں نے 27 جنوری کو قتل کر دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ایران میں قتل ہونے والے نو پاکستانی مزدوروں کی لاشیں آج پاکستان پہنچ رہی ہیں۔
منگل کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ لاشیں آج تفتان پہنچیں گی جہاں سے ان کو ایئرلفٹ کر کے ملتان لے جایا جائے گا۔
یہ افراد 27 جنوری کو ایران کے صوبے سیستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔
واقعے کے بعد ایرانی بلوچستان کے غیر سرکاری خبر رساں اداروں حال وش اور رسانک نے بتایا تھا کہ واقعہ علی الصبح پاکستانی سرحد سے متصل ایران کے شہر سراوان کے علاقے سیرکان میں پیش آیا۔
قتل ہونے والے پاکستانیوں کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب سے بتایا گیا تھا جو وہاں موٹر گیراج میں کام کرتے تھے اور ایک کمرے میں رہائش پذیر تھے۔
مقتولین میں سے چار کے نام جاری کیے گئے اور ان کی شناخت اظہر، اشفاق، شعیب اور محمد اشفاق نام سے ہوئی تھی۔
پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کی بڑی تعداد کام کی تلاش میں غیرقانونی طور پر ایران جاتی ہے، تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ مقتولین قانونی طور پر مقیم تھے یا غیر قانونی طور پر رہ رہے تھے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے ایرانی شہر سراوان میں پچھلے ہفتے ایرانی میزائل حملے کے جواب میں میزائل حملے کیے تھے جس میں پاکستان نے بلوچستان میں سرگرم علیحدگی پسند مسلح تنظیموں کے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانے کا دعوٰی کیا تھا۔
پاکستان کا الزام ہے کہ بلوچستان سے ملحقہ ایرانی سرحدی علاقوں میں پاکستان کو مطلوب دہشت گرد پناہ لیے ہوئے ہیں۔

شیئر: