سعودی عرب کوپ 16 کانفرنس کی میزبانی کرے گا، معاہدے پر دستخط
اقوام متحدہ میں شامل 197 ممالک کی سب سے بڑی کانفرنس ہوگی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب 2 سے 13 دسمبر 2024 کے دوران ریاض میں کوپ 16 کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور اقوام متحدہ نے کوپ کے 16 ویں ایڈیشن کے انعقاد کی راہ ہموار کرنے کے لیے بدھ کو معاہدے پر دستخط کردیے۔
ریاض کوپ 16 کانفرنس صحرا کا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ میں شامل 197 ممالک کی سب سے بڑی کانفرنس ہوگی۔
یہ مشرق وسطی میں اپنی نوعیت کی پہلی اور سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی سب سے بڑی کثیر فریقی ہوگی۔
کوپ 16 کانفرنس دنیا بھر میں کمپنیوں، حکومتوں اور تنظیموں کو یکجا کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔ کانفرنس دو ہفتے تک جاری رہے گی۔
سعودی وزیر ماحولیات و پانی و زراعت انجینیئرعبدالرحمن الفضلی نے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران کہا کہ’ سعودی عرب اس کانفرنس کی میزبانی ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ماحولیاتی تحفظ میں قیادت کی غیرمعمولی دلچسپی کی وجہ سے کررہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ موجودہ مرحلے میں کوپ کانفرنس کا انعقاد بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اس وقت صحرا کے پھیلاؤ اور زرخیز زمینوں کے بنجر ہونے کا دائرہ قابو کرنے کے لیے مشترکہ اور مربوط بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے۔‘
سعودی وزیر ماحولیات و پانی و زراعت نے کہا کہ ’زمینوں کی زرخیزی متاثر ہونے سے تقریبا تین ارب نفوس متاثر ہوں گے۔ ان کا تخمینہ 6 ٹریلین ڈالر تک کا ہے۔‘