Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں جمعہ کو کار پارکنگ کے خصوصی انتظامات

نماز جمعہ کے لیے دیگر شہروں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ مسجد نبوی آتے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین شریفین کی جنرل اتھارٹی کی جانب سے مسجد نبوی الشریف کے زائرین کی سہولت کے لیے مختلف خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد نبوی الشریف میں آنے والے زائرین کی آسانی کے لیے گاڑیوں کی پارکنگ کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے پارکنگ کے تمام راستے کھولے جاتے ہیں جن کی تعداد 5 ہے۔
مسجد نبوی الشریف کی پارکنگ میں بیک وقت چار ہزار گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہے جبکہ پارکنگ میں جانے کے لیے پانچ راستے ہیں جن میں شمالی ، مغربی ، جنوبی ، مشرقی اور شاہراہ شاہ عبدالعزیز کا رستہ مخصوص ہے۔
کار پارکنگ کا مجموعی رقبہ ایک لاکھ 99 ہزار مربع میٹر پر مشتمل ہے۔ پارکنگ کے مقامات کو مختلف یونٹس میں تقسیم کیا گیا ہے جن کی تعداد 24 ہے۔ 16 یونٹس عام لوگوں کے لیے ہیں جبکہ 8 یونٹس ممبران کے لیے مخصوص ہیں جو ماہانہ بنیاد پر پارکنگ فیس ادا کرتے ہیں۔
پارکنگ میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔ مختلف مقامات پر 679 کلوز سرکٹ کیمرے نصب ہیں جن کی مانیٹرنگ مستقل بنیادوں پرکی جاتی ہے علاوہ ازیں فائرفائٹنگ کا بھی جدید ترین انتظام ہے۔

چار ہزار گاڑیوں کو پارک کرنے کی گنجائش ہے(فوٹو، ایس پی اے)

واضح رہے جمعہ کے روز مسجد نبوی الشریف میں نہ صرف اہل مدینہ بلکہ دیگر شہروں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ نمازجمعہ کی ادائیگی کے لیے آتے ہیں جس کی وجہ سے اضافی پارکنگ کھولی جاتی ہے۔

شیئر: