مسجد نبوی میں ایک ہفتے کے دوران 60 لاکھ سے زیادہ زائرین
ایک لاکھ 67 ہزار 334 تحائف زائرین کو پیش کیے گئے(فوٹو، ایس پی اے)
مسجد نبوی انتظامیہ نے ایک ہفتے کے دوران 60 لاکھ سے زیادہ نمازیوں کو مختلف خدمات پیش کیں۔
مسجد نبوی انتظامیہ نے 5 سے 11 رجب 1445 مطابق 17 سے 23 جنوری 2024 کے دوران زائرین اور نمازیوں کو پیش کی جانے والی خدمات کی رپورٹ جاری کر دی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 63 لاکھ 22 ہزار 392 زائرین اور نمازیوں نے مسجد نبوی میں حاضری کی سعادت حاصل کی۔ انہیں اس موقع پر تمام ضروری خدمات فراہم کی گئیں۔
انتظامیہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے 6 لاکھ 42 ہزار 291 زائرین نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم، حضرت ابوبکر صدیق اور حضرت عمر رضی اللہ تعالی عہنما کی خدمت میں صلوۃ وسلام پیش کیا۔ علاوہ ازیں ایک لاکھ 48 ہزار 222 مرد زائرین اور ایک لاکھ 30 ہزار 17 زائر خواتین نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 15 ہزار 829 معمر افراد اور معذوروں کو سپیشل سروس مہیا کی گئی جبکہ ایک لاکھ 53 ہزار 257 زائرین کو متعدد زبانوں میں رابطے کی سہولت فراہم کی گئی۔
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ 9690 نے مسجد نبوی کی لائبریری سے استفادہ کیا جبکہ 3284 نے عجائب گھروں اور نمائش گاہوں کی سیر کی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 67 ہزار 334 تحائف زائر خواتین و حضرات کو پیش کیے گئے۔