سعودی عرب اوساکا ایکسپو 2025 میں پویلین قائم کرنے والے اولین ممالک میں
اوساکا ایکسپو کا باقاعدہ آغاز اپریل 2025 میں ہوگا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اوساکا ایکسپو 2025 میں شرکت کے لیے پویلین قائم کرنے والے اولین ممالک میں شامل ہوگیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جزیرہ یومیشیما پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی پویلین کے نگران عثمان المزید کی سربراہی میں سعودی وفد نے شرکت کی۔
ایکسپو2025 میں سعودی پویلین سعودی عرب کی منفرد تہذیب، ثقافت اور روایات کی عکاسی کرنے کے ساتھ وژن 2030 کے معاشی اور سماجی اہداف کے تحت ہونے والی تبدیلیوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ کیونکہ مملکت ہزاروں سال قدیم تہذیبوں کا گہوراہ ہے۔
تقریب میں بتایا گیا سعودی عرب نے پویلین کی تعمیر میں بہترین بین الاقوامی پریکٹسز کے مطابق پائیدار ڈیزائن کا استعمال کیا ہے۔
سعودی پویلین اس حوالے سے منفرد ہے کہ اس کی تعمیر میں پائیداری کی جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے قابل تجدید اور ماحول دوست مواد پر اعتماد کیا گیا۔
یہ پویلین توانائی میں بچت، بارش کے پانی کی ری سائکلنگ اور شمسی توانائی کے استعمال کو یقینی بنانے کے انتظام کے علاوہ ماحولیاتی معیار اور زیرو کاربن کے اہداف کے عین مطابق ہے جو کہ سعودی عرب کے مستقبل کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل اوساکا میں ایکسپو کے لیے سعودی ڈیزائن اور شناخت کے افتتاح کے موقع پر نومبر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سعودی عرب، جاپان اور دیگر ممالک کے عہدیداروں نے شرکت کی تھی۔
واضح رہے کہ اوساکا ایکسپو کا باقاعدہ آغاز ’معاشروں کی زندگی سنوارنے کے لیے مستقبل کا ایجاد‘ کے عنوان کے تحت اپریل 2025 میں ہوگا جس میں 160 ممالک اور تنظیمیں شرکت کریں گی جبکہ 28 ملین وزیٹرز کی آمد متوقع ہے۔