ورلڈ ٹریول مارکیٹ نمائش میں سعودی پویلین توجہ کا مرکز رہا
ورلڈ ٹریول مارکیٹ نمائش میں سعودی پویلین توجہ کا مرکز رہا
بدھ 16 نومبر 2022 18:42
ورلڈ ٹریول مارکیٹ نمائش میں 35,800 زائرین نے وزٹ کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی ٹورازم اتھارٹی نے لندن میں منعقد ہونے والی ورلڈ ٹریول مارکیٹ نمائش میں اپنی شرکت کرتے ہوئے عالمی سیاحتی شراکت داروں کو غیر معمولی مواقع فراہم کئے ہیں۔
عرب نیوز کےمطابق گذشتہ ہفتے7 تا 9 نومبرمنعقد ہونے والی نمائش میں سعودی پویلین نے مملکت کی جانب سے پیش کیے جانے والے سیاحت کے خزانوں، خاص مقامات اور مختلف قسم کے سیاحتی تجربات کے لیے ورلڈ ٹریول مارکیٹ کی جانب سے سیاحوں کی توجہ مبذول کرائی۔
اس نمائش میں سعودی عرب کے قدرتی، موسمی، ثقافتی اور سماجی و ثقافتی فنون کو بھی اجاگر کیا گیا جب کہ سعودی کیفے نے سعودی کافی کے سال کے زیرعنوان پویلین میں مہمانوں کا استقبال کیا۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی مملکت میں سیاحت کے شعبے کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور دنیا بھر سے سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے نئے اور موجودہ شراکت داروں سے تعلقات مستحکم کرنے میں پیش پیش رہا۔
بتایا گیا ہے کہ رواں سال ورلڈ ٹریول مارکیٹ نمائش میں 35,800 زائرین نے وزٹ کیا جو توقعات سے زیادہ رہا اور2021 میں زائرین کی تعداد سے دوگنا ہے۔
پویلین میں سعودی سیاحتی سسٹم کے 40 سے زیادہ شراکت داروں میں شامل تھے جو سیاحتی مقامات، ایئرلائنز، ٹور آپریٹرز، سروس فراہم کرنے والے اور مملکت بھر سے سیاحت کے شعبوں کی نمائندگی کرترہے تھے۔
اس نمائش میں سعودی ٹورازم اتھارٹی نے ورلڈ ٹور اور سیاحتی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے گیارہ معاہدوں پر دستخط کیے۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی نے گیارہ معاہدوں پر دستخط کیے۔ فوٹو عرب نیوز
قبل ازیں سعودی وزیر سیاحت اور ایس ٹی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد الخطیب کے ساتھ برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ خالد بن بندر بن سلطان نے سعودی پویلین کا افتتاح کیا۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبرفہد حمید الدین نے کہا ہے کہ برطانیہ میں سیاحت اور ٹریول مارکیٹ سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے اور سیاحت کی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی خواہاں ہے۔
سنگل وزٹ ویزا والوں کے لیے مملکت میں رہائش تین ماہ تک ہے۔ فوٹو عرب نیوز
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دنیا بھر سے آنے والوں کے لیے سفر کو آسان بنا کر سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
زائرین کو الیکٹرانک سیاحتی ویزے بھی فراہم کئے جا رہے ہیں اور حال ہی میں سیاحتی سفر کی مدت میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سنگل وزٹ ویزا رکھنے والوں کے لیے سعودی عرب میں رہائش تین ماہ تک ہے اور ٹرانزٹ ویزا رکھنے والے بغیر فیس کے سعودی عرب میں 96 گھنٹے گزار سکتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں