پنجاب کے لیے پولنگ سکیم تیار، لاہور کے 90 فیصد سٹیشن حساس قرار
پنجاب کے لیے پولنگ سکیم تیار، لاہور کے 90 فیصد سٹیشن حساس قرار
پیر 5 فروری 2024 16:29
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ سٹیشنز کے لیے بیلٹ باکسز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں الیکشن کمیشن نے پولنگ سکیم تیار کر لی ہے۔
الیکشن کمیشن نے صوبہ بھر کے سات ہزار 832 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دے دیا ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایسے پولنگ سٹیشنز جن کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ان کی تعداد 813 ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتہائی حساس کے بعد دوسری کیٹیگری حساس پولنگ سٹیشنز کی ہے جن کی تعداد صوبے بھر میں 15 ہزار 155 ہے۔ جبکہ ایسے پولنگ سٹیشنز جن کو نارمل کیٹیگری میں رکھا گیا ہے ان کی تعداد 27 ہزار 475 ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کُل چار ہزار 403 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے تین ہزار 540 حساس قرار دیے گئے ہیں جو کہ کل تعداد کا 90 فیصد بنتے ہیں۔
لاہور کے صرف 50 پولنگ سٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پاکستان کی انتخابی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ لاہور کے اکثریتی پولنگ سٹیشنز کو حساس کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔
پاکستان میں انتخابی عمل پر نظر رکھنے والے ادارے فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹورک کے نیشنل کوارڈینیٹر رشید بھٹی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ کوئی اچنبے کی بات نہیں ہے۔ پولنگ سٹیشنز کی حساسیت کے درجے انتخابی عمل سے زیادہ سکیورٹی کے معاملات سے متعلق ہوتے ہیں۔ یہ درجہ بندی ضلعی حکومتوں اور خاص طور پر پولیس کی رپورٹ سے کی جاتی ہے۔‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’سکیورٹی کی صورت حال پر پولیس کا نظام سب سے موثر ہوتا ہے اور ان کی رپورٹ سب سے اہم ہوتی ہے۔ گلی محلے کے لیول پر بھی ان کو پتا ہوتا ہے کہ لوگوں کی سیاسی دشمنیاں کس حد تک ہیں یا فرقہ واریت کہاں زیادہ ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس دفعہ ڈی آر اوز چونکہ ڈپٹی کمشنرز ہیں اس لیے ان کو انتظامی معاملات کا زیادہ علم ہے تاہم یہ انتہائی اندرونی مارکنگ ہوتی ہے جو عوام کے لیے نہیں ہوتی۔ اس عمل سے صرف پولنگ سٹیشنز کے باہر پولیس کی نفری کتنی ہو گی یا فوج ارد گرد کہاں تک موجود ہو گی یا کوئک ریسپانس فورس وہاں کتنی ہو گی، ان باتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔‘
خیال رہے کہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کے باہر کم از کم چھ پولیس اہلکار تعینات کیے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب کے انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کے لیے 46 ہزار 992 پولیس اہلکاروں کو مختص کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری کیٹیگری یعنی حساس پولنگ سٹیشنز کے لیے 75 ہزار 775 اہلکار پنجاب بھر میں مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ہر ایک حلقے میں کوئک ریسپانس فورس کے طور پر 200 اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت حال میں معاملات کو کنٹرول کریں گے۔ پنجاب بھر میں کوئک ریسپانس فورس کے لیے 28 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پنجاب میں مجموعی طور پر 50 ہزار 462 پولنگ سٹیشنز ہیں۔ جن میں سے 27 ہزار چار سو 75 نارمل کیٹیگری میں آتے ہیں۔ جو کہ مجموعی طور پر 50 فیصد سے زیادہ ہے۔