Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’راشن کی سیاست بند کی جائے‘، جے یو آئی کے امیدوار کے خلاف آل پارٹیز اجلاس

پیپلزپارٹی کے امیدوار سلیم خان نے کہا کہ ’الیکشن ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے۔‘ (فوٹو: قاری ناصر)
خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں گذشتہ روز آل پارٹیز  کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے شرکت کی اور تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر ایک قرار داد پیش کرکے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو جمیعت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار طلحہ محمود کے خلاف کارروائی کی درخواست دی۔
آل پارٹیز اجلاس میں طلحہ محمود کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران مبینہ طور پر پیسے دینے کی مذمت کی گئی اور الیکشن سے پہلے راشن کے ٹرکوں کو چترال میں داخلے سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ 
پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سلیم خان نے موقف اپنایا کہ ’طلحہ محمود شہریوں کو پیسے اور راشن دے کر انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے مگر کوئی نوٹس نہیں لے رہا ہے۔‘
این اے 1 کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار افتخارالدین نے اپنے بیان میں کہا کہ ’سیاسی رشوت کا بازار گرم ہے۔ طلحہ محمود جہاں جاتے ہیں خزانے کے منہ کھول دیے جاتے ہیں۔‘
 ان کا کہنا تھا کہ کل رات راشن سے لدے ٹرک لواری ٹنل پہنچ چکے ہیں جو اب شہریوں کو تقسیم کیے جانے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر ایکشن لے اور ان ٹرکوں کو چترال میں داخلے سے روکا جائے۔
راشن کے ٹرک کون لارہا ہے؟
طلحہ محمود فاونڈیشن کی جانب سے راشن کے 28 ٹرک چترال کی حدود میں داخل ہوچکے ہیں جو اس وقت عشریت کے مقام پر کھڑے ہیں۔ ٹرکوں پر طلحہ محمود فاونڈیشن کے بینزر لگائے گئے ہیں جن پر لکھا گیا ہے کہ اپر اور لوئر چترال میں گندم کی کمی کی وجہ سے مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جائے گا۔
چترال پولیس نے ٹرکوں کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرکوں میں گندم اور خوراک کی دیگر اشیاء موجود ہیں فی الوقت گاڑیوں کو آگے جانے سے روک دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گاڑیوں پر طلحہ محمود فاونڈیشن کے بینزر لگے تھے جن کو اب طلحہ فاونڈیشن کی انتظامیہ نے اتار دیا ہے۔
دوسری جانب اپر چترال کے ڈپٹی کمشنر عرفان الدین نے اردو نیوز کو موقف دیتے ہوئے بتایا کہ ’راشن کی تقسیم کے لیے این او سی کا مطالبہ کیا گیا تھا جو کہ میں نے ابھی تک جاری نہیں کیا۔ الیکشن سے پہلے کسی کو راشن یا امداد تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اگر کسی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تو سامان ضبط کر لیا جائے گا۔‘
واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) کے امیدوار طلحہ محمود کو اس سے پہلے بھی مبینہ طور پر پیسے تقسیم کرنے کے الزام میں ریٹرننگ افسر نوٹس جاری کرچکا ہے۔

شیئر: