Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ چارلس کا علاج، ’شاہی خلا‘ پُر کرنے کے لیے شہزادہ ولیم سے توقعات

شاہ چارلس میں کینسر کی تشخیص کے بعد ان کا علاج جاری ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم میں کینسر کے مرض کی تشخیص کے بعد ولی عہد شہزادہ ولیم سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے والد کی غیرموجودگی میں شاہی فرائض کی انجام دہی کا بوجھ اٹھائیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شاہ چارلس کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر کے بعد شاہی فرائض کی انجام دہی کا بوجھ شہزادہ ولیم کے کندھوں پر آن پڑا ہے جنہوں نے اپنی اہلیہ شہزادی کیتھرین کے آپریشن کے بعد عوامی مصروفیات معطل کی ہوئی تھیں۔
41 سالہ ولی عہد شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ شہزادی کیتھرین اور تین بچوں کی دیکھ بھال کی غرض سے منظر عام سے غائب تھے۔
تاہم والد میں کینسر کی اچانک تشخیص کے بعد شاہی سطح پر پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے کے لیے شہزادہ ولیم آج بدھ کے روز سے اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔
شہزادہ ولیم سے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ والد کے علاج کے دوران وہ ان کے کچھ فرائض بھی نبھائیں گے جبکہ شاہ چارلس کی بیٹی شہزادی این اور ملکہ کمیلا بھی ولی عہد کا ساتھ دیں گی۔
بکنگھم پیلس نے فی الحال شاہ چارلس کی بیماری کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں فراہم کیں کہ وہ  کینسر کی کونسی قسم میں مبتلا ہیں۔
تاہم برطانوی وزیراعظم رشی سوناک تصدیق کر چکے ہیں کہ شاہ چارلس میں کینسر کی تشخیص ابتدائی مراحل میں ہی ہو گئی ہے۔
سترہ ماہ قبل سابق ملکہ الزیبتھ دوم کی موت کے بعد ان کے بیٹے چارلس سوئم نے برطانوی تخت و تاج سنبھالا تھا۔

شاہ چارلس کی غیرموجودگی میں شہزادہ ولیم شاہی فرائض نبھائیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

شاہ چارلس کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر کے بعد شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے بیٹے شہزادہ ہیری منگل کو امریکہ سے برطانیہ پہنچ گئے تھے۔
گزشتہ روز شاہ چارلس کو مشرقی انگلینڈ میں واقع اپنی رہائش گاہ کلیرنس ہاؤس سے روانہ ہوتے ہوئے دکھایا گیا تھا تاہم میڈیا پر چلنے والی فوٹیج میں وہ کافی پرامید دکھائی دے رہے تھے۔
اس موقع پر برطانوی عوام شہزادہ ولیم کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دکھائی دیے ہیں جنہیں ایک طرف اپنی فیملی کو بھی وقت دینا ہے اور دوسری جانب اپنے والد کی جگہ سرکاری فرائض بھی انجام دینا ہوں گے۔
دوسری جانب کنسگٹن پیلس کا کہنا ہے کہ شہزادی کیتھرین کے پیٹ کی کامیاب سرجری کے بعد وہ کم از کم 31 مارچ تک اپنے شاہی فرائض نہیں نبھا سکیں گی۔
حکام نے شہزادی کیتھرین کی سرجری کے حوالے سے تفصیلات نہیں فراہم کیں تاہم یہ واضح کیا ہے کہ ان کی بیماری کینسر سے منسلک نہیں ہے۔
شاہ چارلس کو اپنی بیماری کے حوالے سے عوام کو آگاہ کرنے پر سراہا جا رہا ہے جبکہ ماضی میں شاہی خاندان اپنے صحت کے مسائل کو پوشیدہ رکھتا آیا ہے۔

شیئر: