Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج، پرویز خٹک اور ان کے دو بیٹوں کو شکست

عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبر پختونخوا سے سابق وزیراعلٰی پرویز خٹک کو دو صوبائی حلقوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ان کے دو بیٹے بھی نہیں جیت سکے۔
 اردو نیوز کو موصول ہونے والے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی کے 87 نوشہرہ پر پی ٹی آئی (پارلیمنٹیرینز) کے پرویز خٹک 18176 ووٹ حاصل کر سکے جبکہ آزاد امیدوار خلیق الرحمان 44762 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔
اسی طرح نوشہرہ پی کے 88 کی صوبائی نشست کے نتائج میں آزاد امیدوار میاں محمد عمر 38384 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، تاہم پرویز خٹک صرف 9009 ووٹ حاصل کر سکے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق نوشہرہ پی کے 85 کے لیے پرویزخٹک کے بیٹے ابراہیم خٹک امیدوار تھے جو 7771 ووٹ حاصل کر سکے جبکہ مقابلے میں آزاد امیدوارنے 32075 ووٹ لیے۔ 
پرویز خٹک کے دوسرے فرزند اسماعیل خٹک کو پی کے 86 پر شکست ہوئی جہاں پر محمد ادریس 38092 ووٹوں سے کامیاب ہوئے۔ 
پرویز خٹک کے داماد اور سابق ایم این اے عمران خٹک کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا جو پی کے 89 کے امیدوار تھے۔ 
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق عمران خٹک نے 13717 ووٹ لیے تاہم آزاد امیدوار اشفاق احمد نے 30416 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔
پشاور سے پی ٹی آئی کے سابق وزراء کو شکست 

الیکشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی کے 82 کے آزاد امیدوار سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو آزاد امیدوار ملک طارق اعوان نے 20334 ووٹوں سے شکست دی جبکہ کامران بنگش 14030 ووٹ حاصل سکے سکے۔
دوسری جانب پی کے 79 پشاور سے سابق صوبائی وزیر خزانہ تیمورسلیم جھگڑا کو مسلم لیگ ن کے امیدوار جلال خان نے 16031 ووٹ لے کر شکست دی۔ 
پشاور کے دیگر صوبائی نسشستوں پر پی ٹی آئی کے نامزد کردہ امیدوار کامیاب ہوئے۔ پی کے 83 پر آزاد امیدوار مینہ خان 38117 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کی ثمر ہارون بلور 33500 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ 
پشاور پی کے 84 پر پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے فضل الہی 25850 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوئے۔ پی کے 81 سے پی ٹی آئی کے سید قاسم علی شاہ 44310 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ۔
چترال کی 2 صوبائی نشستوں پر پی ٹی آئی کی واضح برتری 
فارم 47 کے مطابق چترال پی کے 1 اور پی کے 2 پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوا ر آگے ہیں۔ پی کے 1 پر خاتون امیدوار ثریا بی بی 18914 ووٹ لیکر پہلی نمبر پر جبکہ مقابلے میں جے یو آئی کے شکیل خان نے 10533 ووٹ لیے۔
چترال پی کے 2 سے آزاد امیدوار فتح الملک علی ناصر 28510 ووٹ لیکر برتری حاصل کی تاہم پیپلزپارٹی کے سلیم خان 22995 ووٹوں سے دوسرے نمبر پر رہے۔

شیئر: