کارکنوں کا سالانہ بنیاد پرطبی معائنہ کرانا آجر کی ذمہ داری
کارکنوں کے اقاموں کا اجرا و تجدید میڈیکل انشورنس سے مشروط ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
مملکت میں قانون محنت کے مطابق آجر کی ذمہ داری ہے کہ وہ کارکنوں کو مقررہ ضوابط کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کرے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کے ایکس اکاونٹ پر اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ قانون کی شق 144 کے مطابق کارکنوں کو طبی سہولت اور وقت پر علاج کی فراہمی آجر کی ذمہ داری ہوتی ہے اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
واضح رہے قانون محنت کے مطابق کارکنوں کا سالانہ بنیاد پر طبی معائنہ کرانا بھی آجر یا ادارے کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
خاص طورپر ایسے پیشوں پر کام کرنے والے جن کی صحت پیشہ ورانہ امور کی ادائیگی کے دوران متاثر ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے ان کارکنوں کا سالانہ بنیاد پر طبی معائنہ کرانا ضروری ہوتاہے۔
وزارت کے قانون کے مطابق کارکنوں کے سالانہ طبی معائنہ کی فائل مرتب کرنا بھی ضروری ہوتا ہے اس بارے میں کسی بھی وقت وزارت کی جانب سے دریافت کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے مملکت میں وزارت افرادی کے قانون کے مطابق کارکنوں کا اقامہ جاری یا تجدید کرانے کے لیے میڈیکل انشورنس کرانا ضروری ہے جس کی تمام ترذمہ داری آجر کی ہوتی ہے۔