ملازمتوں کے معاہدے ’قوی‘ پورٹل پرکرائے جائیں، وزارت افرادی قوت
معاہدے قوی پورٹل پرکرائے جانے والے اداروں کو تمام سہولتیں دی جائیں گی(فوٹو، ایکس )
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ ’قوی‘ پورٹل کے ذریعے ملازمین کے 80 فیصد معاہدوں کے اندراج کی پابندی کرنے والے اداروں کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
عربی روزنامے ’عکاظ‘ کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیوں و اداروں کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنے سعودی اورغیرملکی ملازمین کےمعاہدوں کا اندراج قوی پورٹل پر جلد از جلد کرالیں۔
وزارت افرادی قوت کی جانب سے اس سے قبل توجہ دلاچکی ہے کہ پرائیویٹ اداروں کو سال رواں 2023 کی پہلی سہ ماہی میں 20 فیصد ، دوسری سہ ماہی میں 50 فیصد اور تیسری سہ ماہی میں 80 فیصد ملازمت کے معاہدوں کا اندراج کرانا ہوگا۔
وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ متعلقہ فریقوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مذکورہ تناسب میں اندراج ضروری ہے۔
وزارت افرادی قوت نے اطمینان دلایا ہے کہ جو نجی ادارے اپنے ملازمین کے 80 فیصد یا اس سے زیادہ ملازمت کے معاہدوں کا اندراج قوی پورٹل پر کرانے کی پابندی کریں گے انہیں وزارت کی جانب سے پیش کی جانے والی جملہ سہولتیں میسر ہوں گی۔