مسجدالحرام میں ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے 5 سو اہلکار
مختلف زبانوں سے واقفیت رکھنے والے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین شریفین نے مسجد الحرام میں ہجوم کو کنٹرول کرنے اور مختلف امور میں معاونت کے لیے 500 سول اہلکاروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق مذکورہ اہلکار مسجد حرام کے داخلی دروازوں اور صحن میں زائرین کو منظم کرنے میں مدد اور مسجد حرام میں حفاظتی وسائل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
مسجد الحرام میں ازدحام والے مقامات پر ایسے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جو اردو، انگلش، فارسی، ترکی اور دیگر زبانوں پر عبور رکھتے ہو تاکہ زائرین کی رہنمائی میں آسانی ہو۔
سول اہلکار زائرین کی آمد ورفت میں پیش آنے والی دشواریوں کا ازالہ کریں گے اور زائرین کو ان کے مطلوبہ مقام تک پہنچنے کے لیے رہنمائی کریں گے۔