Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: پاکستان تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ

سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ سائفر اور توشہ خانہ کیسز میں عمران خان کو دی جانے والی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کی گئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن شفاف نہیں ہوئے اس پر اتفاق ہے، مسترد کرتے ہیں: پی ٹی آئی اور جے یو آئی کا اعلان
کیا تحریک انصاف اور پرویز خٹک کی پارٹی میں اتحاد ہو رہا ہے؟
چوہدری شجاعت حسین کی پرویز الٰہی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات
احتجاج کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے: پی ٹی آئی
الیکشن نتائج میں نواز شریف کے طرزِسیاست کے لیے کیا پیغام ہے؟
پی پی نے حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا تھا؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
جمعے کی شام کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کور کمیٹی کے اجلاس کے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ’عمران خان کو جھوٹےمقدموں میں سزا دینے، بلّے کا نشان چھین لینے اور تحریک انصاف کو زبردستی انتخاب سے باہر رکھنے کی شرمناک کوششوں کے بعد الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے نو منتخب اراکینِ پارلیمان کو نہایت مضحکہ خیز تکنیکی بنیادوں پر ڈی سیٹ کرکے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی آخری سازش میں مصروف ہے۔‘
’الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذریعے اپنے مینڈیٹ کی توہین عوام قبول کریں گے نہ ہی دستور و جمہوریت کی قبریں کھودنے والوں کو کبھی معاف کریں گے۔‘
اعلامیے کے مطابق ’چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار پر تحریک انصاف کی نہیں، صفِ اوّل کی سیاسی جماعتیں آوازیں اٹھا رہی ہیں، ان کا کمیشن میں بیٹھنے کا مزید کوئی جواز نہیں، فی الفور مستعفیٰ ہوں۔‘
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں مزید کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے ’عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین‘ پر پوری قوم کو کل پُرامن احتجاج کی کال دی ہے۔
’تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کل گھروں سے نکلیں اور دستور، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے حق کی کھلی بے حرمتی کیخلاف نہایت پرامن مگر مؤثر انداز میں صدائے احتجاج بلند کریں۔‘

پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے وفود میں ملاقات، ’اب فیصلے کمروں میں نہیں ہوں گے‘

پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے وفود میں ملاقات ختم ہو گئی ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح دھاندلی کی گئی اس کی کوئی تاریخ نہیں ملتی۔‘
’فیصلہ کیا ہے کہ تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں، سب کو اکٹھا کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جماعت اسلامی کی قیادت سے بات کی ہے، جماعت اسلامی نے کہا ہے شوریٰ سے مشاورت کریں گے۔ لیکن یہ بات طے ہے کہ اب فیصلے کمروں میں نہیں ہوں گے۔‘
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اس الیکشن کے بعد ملک دوبارہ ’عدم استحکام‘ کی طرف بڑھ رہا ہے، ہم پرامن احتجاجی اور قانونی جدوجہد کریں گے۔
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی وفد کی آمد پر شکریہ، آٹھ فروری کے بعد ملک بڑے بھیانک بحران سے دوچار ہو گیا ہے۔
’جماعت اسلامی نے الیکشن کے بعد ہی اسے دھاندلی زدہ الیکشن قرار دے دیا تھا۔ ہم اس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ سے الیکشن میں دھاندلی پر کمیشن کا مطالبہ بھی کرتے ہیں۔‘
لیاقت بلوچ نے پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ وسیع تر مفاد کے لیے مشترکہ پہلوؤں پر بات کی ہے۔ پاکستان کے انتخابات کو ’ریاستی دباؤ سے آزاد‘ کروانا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم ان سے جو بات ہوئی اس کے تمام پہلوؤں پر مشاورت کریں گے۔

پی ٹی آئی کا وفد شام کو جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کرے گا

جماعت اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات جمعے کی شام سات بجے ہو گی۔
جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف نے کہا ہے کہ دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی ملاقات میاں اسلم کے گھر پر ہو گی۔ جماعت اسلامی کی طرف سے صدر کمیٹی لیاقت بلوچ کی سربراہی میں وفد ملاقات کرے گا۔ وفد میں میاں محمد اسلم، عنایت اللہ خان شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کا تین رکنی وفد ہو گا جس میں عامر ڈوگر اوربیرسٹر سیف الرحمان شامل ہوں گے۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہو گا۔

’انتخابات کو کالعدم قرار دینے‘ کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے لیے دی جانے والی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی ہے۔
درخواست پر سماعت 19 فروری کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔
جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بینچ کا حصہ ہوں گے۔
انتخابات کو کالعدم قرار دیے جانے کی درخواست بریگیڈیئر (ر) علی خان کی طرف سے دی گئی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ اپنی نگرانی میں 30 روز کے اندر نئے انتخابات کرانے کا حکم دے۔
درخواست کے مطابق ’پری پول دھاندلی اور نتائج میں تاخیر کے بعد جمہوری اصولوں کو خطرات لاحق ہیں۔‘

چند پرسنٹ نتیجے پر ہی ’جیت گئے، ہار گئے‘ کا تاثر دیا گیا: مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کے روز سکرینز اور سوشل میڈیا پر چند پرسنٹ نتیجے پر ’جیت گئے ہار گئے کا تاثر‘ دیا گیا۔
جمعے کو لاہور میں عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’جس وقت سکرینز پر فارم 45 دکھائے جا رہے تھے اس وقت نتائج مرتب ہو رہے تھے اور اصل فارم وہ ہوتا ہے جو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری ہو۔‘
ان کے مطابق ’سکرینز پر جعلی فارم 45 دکھائے گئے ان پر دستخط تھے اور نہ مہر۔‘
مریم اورنگزیب نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی پر جو تاثر بنایا گیا اس کے حوالے وائٹ پیپر تیار کر کے پیش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نتائج کے حوالے چلنے والی نشریات کا سب سے زیادہ نقصان مسلم لیگ ن کو ہو رہا تھا اس لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا۔
’جب ان سے پوچھا گیا تو ان کے پاس سوائے سکرین شاٹس کے کچھ اور نہیں تھا، جو جعلی فارم 45 کے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ فارم 45 انٹرنیشل میڈیا کو جاری کرنے والے لیگل فورمز پر ان کو ثابت کریں۔
اس موقع پر عطا تارڑ نے فارمز کی تصاویر دکھاتے ہوئے پی ٹی آئی پر ’ڈیجیٹل ٹیرارزم‘ کا الزام لگایا۔

تحریک انصاف سے دھاندلی کے ذریعے 85 سیٹیں چھینی گئیں: رؤف حسن

پاکستان تحریک انصاف نے الزام لگایا ہے کہ خیبرپختونخوا سے اس کے حمایت یافتہ 42 امیدوار کامیاب ہوئے لیکن الیکشن کمیشن نے صرف 32 کو کامیابی قرار دیا۔

جمعے کو پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن نے شاندانہ گلزار اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری سیٹیں 179 ہونی چاہیے تھیں، ہم سے 85 نشستیں چھینی گئیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ 46 نشستوں کا ڈیٹا ہمارے پاس موجود ہے، باقی نشستوں کا ڈیٹا اگلے 24 گھنٹوں میں جاری کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسترد کیے گئے ووٹوں کی تعداد وکٹری ووٹس سے زیادہ ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ان انتخابات میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ دھاندلی کی گئی۔

اس موقع پر شاندانہ گلزار نے کہا کہ صرف کراچی میں پی ٹی آئی کو ایک اعشاریہ 25 ملین ووٹ پڑے۔

ان کے مطابق ’دن تین بجے ہماری قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 254 تھی۔‘

’مبینہ دھاندلی‘ کے خلاف جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کا احتجاج

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف گرینڈ ڈیموکریٹک الائس (جی ڈی اے) میں شامل جماعتوں نے سندھ میں احتجاج شروع کر دیا ہے جبکہ جماعت اسلامی اسلام آباد میں چار بجے احتجاج کی تیاری کر رہی ہے۔

سیاسی اتحاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے حیدرآباد کے قریب جام شورو کے موٹروے انٹرچینج پر احتجاج کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔

موٹروے پولیس کی جانب سے سفر کرنے والوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح جماعت اسلامی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس کے کارکن آج چار بجے اسلام آباد پریس کلب کے باہر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرے گی۔

سلمان اکرم راجہ نے آفس میں جا کر آر او پر دباؤ ڈالا: عون چوہدری

 

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ وہ این اے 128 سے کامیاب ہوئے اور نو فروری کو کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا۔

جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں عون چوہدری الیکشن میں مدمقابل اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’کالے کوٹ پہن کر بدمعاشی قبول نہیں، ان کے ورکرز نے کمپین کے دوران سرکاری ملازمین پر تشدد کیا۔‘

انہوں نے الزام لگایا کہ سلمان اکرم راجہ وکلا کے روپ میں 60 سے زائد افراد کے ہمراہ آر او آفس پہنچے اور دباؤ ڈالا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ’لاہور جا کر ان کے خلاف ایف آئی آر کے لیے درخواست دوں گا۔‘

عون چوہدری نے طنز کرتے ہوئے کہا جو فارم 45 ہم دیں وہ غلط، اور جو وہ دیں ٹھیک ہیں۔‘

انہوں نے الزام لگایا کہ ’سلمان اکرم راجہ نے شرافت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے، ان کا اصل چہرہ کچھ اور ہے۔‘

خیال رہے الیکشن کمیشن نے 14 فروری کو عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا اور یہ فیصلہ سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سنایا گیا۔

سیالکوٹ سے نومنتخب ایم این اے کو اغوا کر لیا گیا: عمر ایوب کا دعوٰی

پی ٹی آئی کے رہنما اور وزارت عظمٰی کے لیے نامزد امیدوار عمر ایوب نے دعوٰی کیا ہے کہ نو منتخب رکن قومی اسمبلی اسلم گھمن کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں عمر ایوب نے الزام لگایا کہ اسلم گھمن کو سیالکوٹ سے اغوا کیا گیا اور ان پر مسلم لیگ ن میں شمولیت پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات دھاندلی اور اسلم گھمن کی گمشدگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

اسلم گھمن حالیہ انتخابات میں این اے 74 سے کامیاب ہوئے ہیں۔

انتخابات میں ووٹروں کو دھمکانے اور دبانے کی رپورٹس پر تشویش ہے: امریکہ

امریکہ نے کہا کہ اسے ’پاکستان کے انتخابات میں ووٹروں کو دھمکانے اور دبانے کی رپورٹس‘ پر تشویش ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے جمعرات کو واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ’ہم صورت حال کو بغور دیکھ رہے ہیں اور بین الاقوامی مانیٹرز ابھی تک اعدادوشمار کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘

خیال رہے پاکستان میں انتخابات ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ انتخابات میں بے ضابطگیوں کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں اور کچھ پارٹیاں اس کے خلاف احتجاج بھی کر رہی ہیں۔

13 فروری کو امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستان کے انتخابات کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ ’اس میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔‘

ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ’ہم پاکستان کے عوام کو مبارکباد دیتے ہیں کہ انہوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، جہاں تک بے ضابطگیوں کی بات ہے تو اس پر ہم عوامی اور نجی سطح پر بھی تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں جبکہ یورپی یونین اور برطانیہ کے تحفظات کی تائید بھی کی ہے۔‘

’انتخابات میں جن بعض بے ضابطگیوں کا ہم نے مشاہدہ کیا اس سے پاکستان کی حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ عوامی رائے کا احترام کیا جائے۔‘

امریکہ کے محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے الیکشن میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

عمران خان کی سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر

سابق گورنر پنجاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کے طور پر کامیاب ہونے والے سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر دی ہیں۔

جمعے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں صحافیوں سے گفتگو میں سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ’اپیلیں سائفر اور توشہ خانہ کے مقدمات میں دی جانے والی سزاؤں کے خلاف دائر کی گئی ہیں۔‘

سائفر کیس: شاہ محمود قریشی نے سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

جمعے کو شاہ محمود قریشی کی جانب سے 10 سالہ سزا کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ انہیں 30 جنوری کو دی جانے والے سزا کے حکم کو کالعدم قرار دیا جائے۔

این اے 15 مانسہرہ، الیکشن کمیشن نے نواز شریف کی عذرداری بحال کر دی

الیکشن کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کی درخواست منظور کرتے ہوئے عذرداری بحال کر دی ہے۔

جمعے کو نواز شریف کی جانب سے پیش ہونے والے ان کے وکیل جہانگیر جدون نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ’ہمارے پاس تمام پولنگ سٹیشنز کے اصل فارم 45 موجود ہیں۔‘

درخواست کی منظور ہونے کے بعد اب عذرداری کی سماعت 20 فروری کو ہو گی۔

خیال رہے این اے 15 سے آزاد امیدوار شہزادہ محمد گستاسپ خان کامیاب ہوئے تھے جبکہ نواز شریف دوسرے نمبر پر رہے تھے جس کے بعد انہوں نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔

’مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے‘، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی میں رابطے بحال

پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان رابطے بحال ہونے لگے۔

سردار لطیف کھوسہ نے جمعے کو جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کیا۔

جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف کا کہنا ہے کہ سردار لطیف کھوسہ اور نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کے درمیان ٹیلی فون پر بات ہوئی۔

لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ ’اشتراک عمل کے حوالے سے جماعت اسلامی کا موقف اصولی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اشتراک صرف خیبرپختونخوا کی سطح پر نہیں بلکہ وفاق کی سطح پر بھی بحال کیا جانا چاہیے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ آج ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہو گی، اس کے بعد بھی جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کیا جائے گا۔

ان کے مطابق ’جماعتوں میں مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔‘

پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کا آج جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف سے رابطے میں انہیں بتایا کہ اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی ٹیم جماعت اسلامی کی قیادت سے ملنا چاہتی ہے۔

شیئر: