Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈونیشی جزیرہ بالی آنے والے سیاحوں پر ٹیکس عائد

ٹیکس کا مقصد جزیرے پر آنے والوں کی تعداد کو کنٹرول کرنا ہے۔ (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں آنے والے تمام غیرملکی سیاحوں پر ڈیرھ لاکھ روپیہ ٹیکس عائد کر دیا گیا۔
ٹیکس وصولی کے قانون پر عمل درآمد 14 فروری 2024 سے کر دیا گیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق انڈونیشیا میں سعودی سفارتخانے نے بھی ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر اس حوالے سے تصدیق کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’صوبہ بالی میں آنے والے غیرملکی سیاحوں پر 14 فروری سے ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔‘
دریں اثنا الریاض اخبار کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے حکام کی جانب سے گزشتہ برس سیاحوں پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی جس کا مقصد وہاں آنے والوں کی تعداد کو محدود کرنا اور وسائل کو بہتر بنانا تھا۔
اخبار کا مزید کہنا تھا کہ بالی آنے والے سیاحوں کی بڑی تعداد کے باعث وہاں صفائی کا نظام بے حد متاثر ہو رہا ہے جس سے ساحلی خوبصورتی کو خطرات لاحق ہیں۔
گزشتہ برس پیش کی جانے والی تجویز پر انڈونیشی حکومت نے رضا مندی جاری کر دی جس کے بعد 14 فروری 2024 سے ٹیکس قانون نافذ العمل کر دیا گیا۔
اس ضمن میں لوگوں کی جانب سے ٹیکس وصولی میں ممکنہ تاخیر کے خدشے پر جزیرہ بالی کی سیاحتی کمیٹی کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی کا سسٹم بہتر بنایا گیا ہے ایک شخص سے ٹیکس وصولی میں محض 23 سیکنڈ لگتے ہیں۔

شیئر: