Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: ن لیگ، پی پی پی کے رہنما ضابطے کی پاسداری کریں، اسحاق ڈار

ن لیگ کے رہنماؤں نے نگراں حکومت سے ’نفرت انگیز مہم‘ کے خلاف بروقت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ فائل فوٹو: اے پی پی

کمشنر راولپنڈی کا انتخابات میں دھاندلی کا الزام، سیاسی جماعتیں کیا کہتی ہیں؟

الیکشن کمیشن کی کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تردید، تحقیقات کا حکم

’انتخابات میں دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں‘، کمشنر راولپنڈی کا مستعفی ہونے کا اعلان

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تمام جماعتوں کو دعوت، جماعت اسلامی نے ’جمہوریت بچاؤ کانفرنس‘ بلا لی

جماعت اسلامی نے ’جمہوریت کے بچاؤ‘ کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلا لی ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیرِصدارت ’جمہوریت بچاؤ کانفرنس‘ 25 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔
کانفرنس کے لیے جماعت اسلامی نے تمام جماعتوں کو باضابطہ مدعو کر لیا ہے۔
سراج الحق نے کہا ہے کہ ’سنہ 2024 کے انتخابات ملکی تاریخ کے آلودہ، بدنام اور متنازع ترین الیکشن تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام متاثرہ سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔
’کمشنر راولپنڈی کے انکشافات ہمارے موقف کی تائید ہیں۔ کمشنر کی طرح مزید ضمیر جاگ گئے تو دھاندلی کرنے والے کدھر جائیں گے۔‘

ن لیگ، پی پی پی کے رہنما ضابطے کی پاسداری کریں: اسحاق ڈار

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنی جماعت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے درخواست کی ہے کہ بات چیت کے لیے کمیٹیوں کے درمیان وضع کردہ ضابطے کی پاسداری کریں۔
اتوار کو مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ ’طے ہوا تھا کہ دونوں جماعتوں کی تشکیل کردہ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا کوئی رکن یا رہنما بات چیت کے جاری عمل اور اس میں زیرِغور نکات پر بیان بازی نہیں کرے گا۔‘
خیال رہے کہ اسحاق ڈار کے اس بیان سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹھٹھہ میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے پاکستان مسلم لیگ ن کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں آخری دو سال کے لیے وزیراعظم بننے کی پیشکش کی گئی تھی۔
’مجھے کہا گیا کہ پہلے تین سال ہمیں دے دیں اور باقی دو سال آپ وزیراعظم بنیں۔‘
اسحاق دار نے اپنے بیان میں کہا کہ فریقین کے درمیان ابھی تک حتمی نکات طے نہیں پائے اور مختلف تجاویز پر گذشتہ روز تک مشاورت جاری رہی۔ مشاورت کے چار دور مکمل ہو چکے ہیں اور کل پیر کی دوپہر پانچویں نشست طے ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل کے اجلاس میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔ مشاورت مکمل ہونے پر دونوں جماعتوں کا باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری ہو گا۔
’دونوں جماعتوں میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مشاورت مکمل ہونے سے پہلے کوئی بات کرنا مناسب نہیں۔‘

الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈا پور کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک لیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے 115 حلقوں میں سے 91 کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں تاہم 24 نشستوں کے حتمی نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں ہوئے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد وزیراعلٰی علی امین گنڈا پور کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
پی کے 16 لوئیر دئیر سے ہمایوں خان، پی کے 48 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ مشتاق غنی، پی کے 81 پشاور سے قاسم علی شاہ اور پی کے 50 صوابی سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عاقب اللہ کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری ہو گئے ہیں۔

انتخابی نتائج میں تبدیلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے انتخابی نتائج میں تبدیلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کا بیان پی ٹی آئی کے مؤقف کی تائید ہے، ہارے ہوئے امیدواراوں کو جتوا گیا ہے جو تمام ریٹرننگ افسران نے بھی دیکھا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پریزائڈنگ افسران کی جانب سے ایشیو کیے گئے فارم 45 کے مطابق ریزلٹ ڈیکلیئر کیے جائیں، جس کے مطابق پی ٹی آئی کو اکثریت سیٹیں ملی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انتخابات کی تبدیلی کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنے اور فوری طور پر انکوائری کی جائے جس میں سب کو شامل تفتیش کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جوڈیشل کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ عوام کے ساتھ شیئر کی جائے۔

کمشنر کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہوتا: خواجہ آصف

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کمشنر کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، الیکشن کے دوران کمشنر کو کوئی ذمہ داری نہیں دی جاتی۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتےہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن میں آر اوز اور ڈی آر اوز کو اختیارات  دیے جاتے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی کی پریس کانفرنس کی حقیقت سامنے آ چکی ہے۔

 نو مئی پارٹ ٹو ہے، یہ اس ملک میں آگ لگانے کا منصوبہ ہے: مسلم لیگ ن 

اُدھر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی تاریخ ہے کہ وہ انتخابی نتائج تسلیم نہیں کرتی۔ ’یہ لوگ اپنے انتشاری رویے سے باز نہیں آ رہے۔ دوبارہ سے صورتحال خراب کی جا رہی ہے۔‘
اتوار کو لاہور میں عظمیٰ بخاری اور عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس ملک احمد خان نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے الزام کے بعد سوشل میڈیا پر آر اوز اور ڈی آر اوز کے خلاف تشدد کے لیے لوگوں کو اُکسایا جا رہا ہے۔
’کل سے خوفناک مہم شروع کی گئی اور ڈی آر اوز کی تصاویر لگا کر نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ اُن کے خلاف لوگوں کو تشدد پر اُبھارا جا رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نگراں حکومتوں سے پوچھتا ہوں کہ وہ کس وقت کا انتظار کر رہے ہیں، دیکھنا اور سوچنا چاہیے کہ یہ لوگ تشدد پر اُکسا رہے ہیں۔ یہ سیاسی نہیں بلوائی ہیں۔‘
ملک احمد خان نے کہا کہ ’موجودہ حکومت کو متنبہ کر رہا ہوں کہ اس پر قبل ازوقت کارروائی کریں۔ آئین کے آرٹیکل پانچ کے مطابق ہر ریاستی عہدیدار کی ملک کا وفادار ہوتا ہے، اُن کو تحفظ ملتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ نو مئی کو بھی سیاسی کارکنوں کا ایک پرتشدد ہجوم میں تبدیل کیا گیا۔ یہ لوگ اپنے انتشاری رویے سے باز نہیں آ رہے۔ دوبارہ سے صورتحال خراب کی جا رہی ہے۔
’سوشل میڈیا پر باہر سے نفرت انگیز مہم چلائی جا رہی ہے۔ پاکستان میں اس کو آگے پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔‘
ملک احمد خان نے کہا کہ ’اس صورتحال کو کنٹرول نہ کیا، ہیٹ سپیچ اور نفرت انگیز مہم کو تو دوبارہ وہی حالات ہوں گے۔ نفرت اور جھوٹ پر مبنی، بغیر شواہد کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔‘
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ’کمشنر جس کا الیکشن عمل سے کوئی تعلق نہیں وہ ایسے بے سروپا الزام لگا رہے ہیں۔ نو مئی پارٹ ٹو ہے، یہ اس ملک میں آگ لگانے کا منصوبہ ہے اور یہ رُک نہیں رہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی الیکشن کمیشن کے افضل خان نے جھوٹی کہانی سنائی تھی۔ پی ٹی آئی نے 35 پنکچرز کی کہانی بھی شروع کی تھی۔

پاکستان ٹوئٹر/ ایکس کی سروس تاحال متاثر

پاکستان میں سوشل میڈیا سائٹ ایکس کی سروس سنیچر کی رات ڈاؤن ہوئی جس کے بعد اتوار کی صبح بھی صارفین شکایت کر رہے ہیں کہ یہ مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی۔
سنیچر کو راولپنڈی میں کمشنر کی پریس کانفرنس کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر ’انتخابی دھاندلی‘ کا موضوع سب سے زیادہ ٹرینڈ کرتا رہا۔
الیکشن کمیشن اور پنجاب کی نگراں حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کرانے کا بھی اعلان کیا۔

شیئر: