لڑکی مال گاڑی کی زد میں آکر بچ گئی
ممبئی .... 19سالہ ایک لڑکی مال گاڑی کی زد میں آگئی لیکن بال بال بچ گئی۔ وہ اس وقت اپنی دوست سے موبائل فون پر بات کررہی تھی۔ پرتیکا شا نے ایک اسٹیشن پر پٹری عبور کررہی تھی اور ساتھ ہی موبائل پر بات کررہی تھی۔ اس نے ایئر فون لگا رکھا تھا جسکی وجہ سے ٹرین کی آواز نہ سکی۔ اسکی وڈیو ویب سائٹ پر ڈال دی گئی جس میں صاف نظر آرہا ہے کہ پلیٹ فارم پر کھڑے مسافر یہ منظر دیکھ کر بوکھلا گئے۔ لڑکی نے بھی آخری وقت میں ٹرین دیکھ لی۔ وہ پلیٹ فارم پر چڑھنا چاہتی تھی مگر گر گئی اور مال گاڑی اس پر سے گزر گئی۔ خوش قسمتی سے ڈرائیور نے فوری بریک لگادی اور لڑکی کو ہونٹوں، آنکھوں پر معمولی چوٹ آئی۔ اسے اسپتال لیجایا گیا جہاں کچھ دیر بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔ یہ واقعہ ممبئی کے کرلا ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا۔ یہ لڑکی کام پر جاتے ہوئے ٹرین کی پٹریوں سے گزر کر پلیٹ فارم نمبر 7پر آنا چاہتی تھی۔ بعد میں اس نے ایک ٹی وی انٹرویو میں لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ ٹرین پر سوار ہوتے یا پٹریوں پر چلتے ہوئے ایئر فون نہ لگائیں۔