پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے آزاد حیثیت سے رکن صوبائی اسمبلی کا حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کی قیادت نے آزاد امیدواروں کو سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کی ہدایت کی جس پر عمل کرتے ہوئے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے نومنتخب آزاد اراکین نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر لی۔
مزید پڑھیں
پارٹی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے تمام نومنتخب ارکان بھی سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئے تاہم نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ابھی تک شمولیت نہیں کی۔
علی امین گنڈا پور نے شمولیت کا حلف کیوں نہیں دیا؟
خیبرپختونخوا سے سنی اتحاد کونسل میں اب تک 89 نومنتخب اراکین میں سے 88 اراکین نے شمولیت کی ہے مگر نامزد وزیراعلیٰ علی امین نے حلف نہیں دیا۔ اسی لیے ان کی حیثیت تاحال آزاد امیدوار کی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان ایڈووکیٹ معظم بٹ نے موقف اپنایا کہ مخصوص مدت کے لیے گنڈاپور آزاد حیثیت سے امیدوار ہیں تاہم بعدازاں ان کو کسی پارٹی کا حصہ بننا پڑے گا۔
ایڈووکیٹ معظم بٹ نے بتایا کہ ’کب اور کس پارٹی میں شمولیت کرنی ہے، یہ تمام فیصلے پارٹی کی قیادت کی ہدایت پر ہوں گے۔‘
