Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اننت امبانی کی شادی کی تقریب میں بالی وڈ کے کون سے ستارے شرکت کر رہے ہیں؟

آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی منگنی کی تقریب 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں ہوئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تیاریاں زورشور سے جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں اننت امبانی کی شادی کے بارے میں حیران کن تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق گجرات کے شہر جام نگر میں یکم مارچ سے تین مارچ تک اننت امبانی اور اُن کی ہونے والی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے جشن (پری ویڈنگ سیلیبریشنز) منایا جائے گا۔
شادی سے پہلے اس جشن میں میزبانی کے فرائض انجام دینے والی ٹیم نے مہمانوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنی پسند نہ پسند کے بارے میں آگاہ کر دیں تاکہ اُن کا خوب خیال رکھا جا سکے۔
اس تقریب میں شریک مہمانوں کو انواع و اقسام کے سیکڑوں کھانے کھلائیں جائیں گے۔
خبروں کے مطابق اس تقریب کے لیے اندور سے 25 شیف جام نگر جائیں گے۔
اس تقریب میں اندوری کھانے خصوصی طور پر تیار کیے جائیں گے جبکہ مینیو میں پارسی، تھائی، میکسیکن اور جاپانی کھانے بھی شامل ہوں گے۔
ان تین دنوں میں 2500 ڈشز تیار کی جائیں گی جبکہ کوئی بھی ڈش ایک مرتبہ بنانے کے بجائے دوسری مرتبہ نہیں بنائی جائے گی۔
اس تقریب میں ناشتے میں 70 ڈشز پیش کی جائیں گی جبکہ 250 ڈشز ظہرانے اور 250 ڈشز عشائیے میں پیش کی جائیں گی۔

اس شادی میں شرکت کے لیے بالی وُڈ ستارے بھی جام نگر پہنچ رہے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

اس کے علاوہ مہمانوں کے لیے ویجٹیرین ڈشز بھی بطور آپشن موجود ہوں گی جبکہ حیران کن طور پر اس تقریب میں مڈ نائیٹ سنیک بھی کھانے کے لیے ملیں گے۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل یہ تقریب تین دن جاری رہے گی جس میں پانچ تہوار ہوں گے۔
اس تقریب میں ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جن کی شرکت کا سلسلہ جاری ہے۔
اس شادی میں شرکت کے لیے بالی وُڈ ستارے بھی جام نگر پہنچ رہے ہیں۔
میڈیا کے مطابق اس عظیم و الشان شادی میں شرکت کے لیے سلمان خان، رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور نیتو کپور جام نگر پہنچ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ اس تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی فہرست میں بل گیٹس اور اُن کی اہلیہ میلنڈا گیٹس بھی شامل ہیں۔
خیال رہے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی منگنی کی تقریب 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں ہوئی تھی۔

شیئر: