Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کراچی کنگز کے خلاف آخری بال پر فتح

کراچی کنگز کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے 16ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو آخری گیند پر شکست دے دی۔
جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 166 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
جیسن روئے کے 52 اور شرفین ردرفورڈ کے 58 رنز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ کراچی کنگز کی اپنے ہوم گراؤنڈ پر یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز نے بھی عمدہ کارگردگی دکھائے ہوئے کراچی کنگز کے آٹھ کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا۔
پی ایس ایل 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک مرتبہ پھر آٹھ  پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ​کی اننگز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف کے تعاقب کا شاندار آغاز کیا، اوپنرز جیسن روئے اور سعود شکیل کے درمیان 57 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ چھٹے اوور میں اس وقت گری جب ٹیم کا مجموعی سکور 57 تھا۔
سعود شکیل 24 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد خواجہ نافع بھی قدم جما نہ پائے اور صرف دو رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
وکٹ کیپر سرفراز احمد اچھی کردگی دکھانے میں ناکام رہے، وہ صرف تین رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
جیسن روئے نے 11ویں اوور تک وکٹ کا ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ وہ 52 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد شرفین ردرفورڈ اور عقیل حسین کی پارٹنرشپ میں 80 رنز بنے۔ عقیل حسین 22 جبکہ شرفین ردرفورڈ چھے چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی طرف سے شعیب ملک ایک جبکہ زاہد محمود اور حسن علی دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ 
کراچی کنگز کی اننگز
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے کوئی بھی بیٹر نصف سینچری مکمل نہ کر سکا۔ جیمز ونس 37، محمد نواز 28 جبکہ انور علی نے 25 رنز بنائے۔
کپتان شان مسعود بھی اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ انہیں عقیل حسین نے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر بولڈ کر دیا۔
ٹم سیفرٹ نے 11 گیندوں پر 21 رنز بنائے اور اسامہ طارق کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
جیمز ونس نے 37 رنز کی اننگز کھیلی اور اسامہ طارق کا شکار بنے۔ شعیب ملک ایک مرتبہ پھر اچھی پرفارمنس دکھانے میں ناکام رہے، وہ 20 گیندوں پر صرف 12 رنز بنا کر چلتے بنے۔
محمد نواز 28،  کیرون پولارڈ 13، عرفان خان 15 اور حارث علی دو رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ 
نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے انور علی نے آخری اوورز میں 25 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعی سکور 165 رنز تک پہنچا دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے تین، محمد وسیم نے ایک جبکہ اسامہ طارق اور عقیل حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: