سعودی عرب کی کھجور برآمدات میں گزشتہ برس 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق قومی مرکز برائے کھجور کے ذمہ دار نے کہا ہے کہ سال 2023 تک سعودی عرب کی کھجوریں دنیا کے 119 ممالک میں پہنچائی جاتی تھیں جبکہ سعودی کھجور کی برآمدات میں 2016 کے مقابلے میں 152.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سینٹر کا کہنا ہے کہ 8 سال قبل سعودی عرب کی کھجور کی برآمدات 579 ملین ریال تھی جو کہ سالانہ کم از کم 12.3 فیصد اضافے کے ساتھ گزشتہ سال 1.4 ارب ریال تک پہنچ گئی۔
قومی سینٹر برائے کھجور کے سی ای او محمد النویران نے برآمدات میں اضافہ کے متعلق کہا کہ ’یہ اضافہ کھجور کے تاجروں اور حکومتی اداروں کے درمیان تعاون سے ممکن ہوا‘۔
محمد النویران کا کہنا تھا کہ ’حکومتی اداروں کی جانب سے مقامی وبین الاقوامی فیسٹیولز کے انعقاد کے ذریعے سعودی کھجور کو فروغ دینے اور برآمدات کو آسان بنانے کے اقدامات نے اضافہ میں اہم کردار ادا کیا‘۔
النویران نے مزید کہا کہ ’بین الاقوامی سطح پر سعودی کھجور کی ایکسپورٹ کے لیے مزید کوششیں کی جارہی ہیں جن کے باعث چین، سنگاپور اور جنوبی کوریا سمیت مختلف ممالک کو کھجور کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے‘۔
قومی سینٹر برائے کھجورکی جانب سے سعودی عرب کی کھجور کو عالمی خریداروں کے اولین ترجیح بنانے کے لیے نجی سیکٹر کے تعاون سے مختلف انیشیٹوز پر کام کررہا ہے جس میں زرعی اور صنعتی پریکٹسز میں بہتری کے ذریعے کھجور کے معیار کو بہتر بنانا اور مارکیٹنگ میں سہولیات پیدا کرنا شامل ہے۔