Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انڈر19 فٹ بال ٹیم کے سابق کھلاڑی فرحان خان ٹریفک حادثے میں چل بسے

فرحان خان 2019 میں اے ایف سی انڈر19 چیمپئن شپ کوالیفائرز میں پاکستان انڈر19 ٹیم کا حصہ تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انڈر19 فٹ بال ٹیم کے سابق کھلاڑی فرحان خان ٹریفک حادثے میں چل بسے۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے فرحان خان کے انتقال پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق جمعے کی رات خیبر پختونخوا کے شہر صوابی میں صوابی جہانگیرہ روڈ پر نامعلوم گاڑی فرحان خان کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئے۔
فرحان خان کو زخمی حالت میں پہلے ڈسٹرکٹ ہسپتال صوابی اور بعدازاں سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں وہ سر پر آنے والی چوٹوں اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔
فرحان خان کی نمازِ جنازہ سینچر کو مانیری پایاں میں ادا کی گئی۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے فرحان خان کی موت کو فٹ بال فیملی کے لیے افسوس ناک خبر قرار دیا گیا ہے۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ ’فٹ بال کے فروغ کے لیے فرحان خان کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘
یاد رہے کہ فرحان خان 2019 میں اومان میں کھیلے گئے اے ایف سی انڈر19 چیمپئن شپ کوالیفائرز میں پاکستان انڈر19 ٹیم کا حصہ تھے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستانی فضائیہ کی ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں۔

شیئر: