برمنگھم... انگلینڈ نے چیمپیئنز ٹرافی میں آسٹریلیا کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 40 رنز سے شکست دیتے ہوئے مسلسل تیسرا میچ جیت کر گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ آسٹریلیا اس شکست کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ۔ بنگلہ دیش نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ انگلینڈ کی جیت میں عادل رشید، مارک وڈ اور بین اسٹوکس نے اہم کردار ادا کیا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ آسٹریلین ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بناسکی۔ ٹریوس ہیڈ 71 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکور ر رہے اور آخر تک آوٹ نہیں ہوئے ۔ ان کے علاوہ ایرون فنچ نے 68 ، کپتان اسٹیون اسمتھ نے 56 رنز بنائے ۔ ان کے علاوہ کوئی آسٹریلوی بیٹسمین انگلش بولرز کا مقابلہ نہیں کرسکا ۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور مارک وڈ نے 4 ، 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ بین اسٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں صرف 35 رنز کے مجموعی اسکور پر جیسن روئے ، ایلکس ہیلز اور جوائے روٹ کے یکے بعد دیگرے آوٹ ہوجانے کے بعد کپتان این مورگن اور بین اسٹوکس نے انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور اسکور 194 رنز تک پہنچا دیا۔ اس اسکور پر کپتان این مورگن 87 رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے۔ بعدازاں جوز بٹلر نے بین اسٹوکس کا عمدگی سے ساتھ دیا اور اسکور 240 رنز تک پہنچا دیا۔ بین اسٹوکس نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 109 گیندوں پر 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کرلی۔ ون ڈے کرکٹ میں یہ ان کی تیسری سنچری تھی۔ بین اسٹوکس نے ایرون فن کو آوٹ کرکے اپنی وکٹوں کی نصف سنچری بھی مکمل کرلی۔ 40.2 اوورز کا کھیل مکمل ہوا تھا کہ بارش شروع ہوگئی ۔ انتظار کے باوجود کھیل دوبارہ شروع نہیں ہوا اور انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 40 رنز سے فاتح قرار دے دیاگیا۔ انگلینڈ 2میچ جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل کوالیفائی کرچکا تھا۔ آسٹریلیا کی شکست کے نتیجے میں بنگلہ دیش نے گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میںکھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔